Times of Pakistan

لیپ ٹاپ کو سالوں تیز رفتار رکھنے کے 10 آسان طریقے

3 hours ago 4
ARTICLE AD BOX

سسٹم اپ ڈیٹس اب صرف نئے فیچرز تک محدود نہیں بلکہ یہ سیکیورٹی کی خامیوں کو بھی دور کرتی ہیں۔

شائع 27 اپريل 2026 02:01pm

آج ڈیجیٹل دور میں لیپ ٹاپ ہماری روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ کام ہو، تعلیم ہو یا تفریح، ہر جگہ اس کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت سے صارفین معمولی سی لاپرواہی کے باعث اپنے لیپ ٹاپ کی عمر کم کر دیتے ہیں، جس سے نہ صرف کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ اچانک خرابی کی صورت میں بھاری اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

اسی لیے ماہرین کا مشورہ ہے کہ صارفین اپنے لیپ ٹاپ کے استعمال میں معمولی احتیاط ضرور اختیار کریں۔ یہ چھوٹی سی توجہ نہ صرف کارکردگی بہتر بناتی ہے بلکہ ڈیوائس کی مجموعی عمر بھی بڑھا دیتی ہے۔

باقاعدہ ری سٹارٹ سے کارکردگی بہتر بنائیں

ماہرین کے مطابق لیپ ٹاپ کو مسلسل کئی دن تک بند کیے بغیر استعمال کرنے سے اس کی میموری پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ ہفتے میں کم از کم ایک بار ری سٹارٹ کرنے سے غیر ضروری فائلیں اور بیک گراؤنڈ پروسیس ختم ہو جاتے ہیں، جس سے ڈیوائس کی رفتار بہتر ہو جاتی ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین اور بڑی کمپنیاں بھی اس عادت کو اپنانے کا مشورہ دیتی ہیں۔

بیٹری کے درست استعمال کی اہمیت

جدید لیپ ٹاپ بیٹریاں زیادہ چارج یا مکمل ختم ہونے کی صورت میں متاثر ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بیٹری کو 20 فیصد سے 80 فیصد کے درمیان رکھنا اس کی عمر بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مسلسل 100 فیصد چارج کرنا یا مکمل ختم ہونے دینا بیٹری پر منفی اثر ڈالتا ہے۔

مناسب سطح پر رکھ کر استعمال ضروری

لیپ ٹاپ کو نرم جگہ جیسے بستر یا کپڑوں پر استعمال کرنے سے ایئر کا راستہ بند ہو جاتا ہے، جس سے حرارت بڑھ جاتی ہے۔ زیادہ درجہ حرارت نہ صرف کارکردگی کو کم کرتا ہے بلکہ اندرونی پرزوں کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے سخت اور ہموار سطح پر استعمال بہتر سمجھا جاتا ہے۔

اپ ڈیٹس کا خیال رکھیں

سسٹم اپ ڈیٹس اب صرف نئے فیچرز کے لیے نہیں ہوتیں بلکہ یہ سیکیورٹی خامیوں کو بھی دور کرتی ہیں۔ اپ ڈیٹس کو نظر انداز کرنا ڈیوائس کو سائبر حملوں کے خطرے سے دوچار کر سکتا ہے، اس لیے اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور فورا ترجح دیں۔

قابل اعتماد حفاظتی پروگرام استعمال کریں

ایک معیاری سیکیورٹی پروگرام کا استعمال آج کے دور میں انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔ جدید سائبر حملے صرف عام وائرس تک محدود نہیں رہے بلکہ پیچیدہ طریقوں سے کیے جاتے ہیں جنہیں پہچاننا مشکل ہوتا ہے، اس لیے ایک مضبوط حفاظتی سافٹ ویئر، ڈیوائس کو ہیکنگ اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ڈیوائس صفائی کا خیال رکھیں

گرد و غبار لیپ ٹاپ کے وینٹیلیشن سسٹم کو متاثر کر سکتا ہے، جس سے ڈیوائس گرم ہو جاتی ہے۔ وقتاً فوقتاً صفائی کرنے سے نہ صرف کارکردگی بہتر رہتی ہے بلکہ خرابی کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

شدید گرمی اور سردی سے بچائیں

شدید گرمی اور سردی لیپ ٹاپ کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے، اس لیے اس بات کا بھی خیال رکھا جائے شدید گرمی میں درجہ حرارت کا اثر لیپ ٹاپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور پرزوں، خصوصاً بیٹری، پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔

اسٹوریج کا درست استعمال

اس کے ساتھ ہی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر لیپ ٹاپ کی اسٹوریج مکمل بھر جائے تو اس کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔ بہتر کارکردگی کے لیے ہمیشہ 15 سے 20 فیصد جگہ خالی رکھنی چاہیے تاکہ سسٹم بہتر طریقے سے کام کر سکے۔

اگر طویل عرصے تک استعمال نہ کرنا ہو

اگر لیپ ٹاپ کو کچھ وقت کے لیے استعمال نہ کرنا ہو تو بیٹری کو مکمل چارج یا مکمل خالی چھوڑنے کے بجائے تقریباً 50 فیصد پر رکھنا بہتر سمجھا جاتا ہے۔ اس سے بیٹری کی صحت برقرار رہتی ہے۔

پورٹس کی صفائی اور احتیاط

یو ایس بی اور چارجنگ پورٹس میں گرد و غبار جمع ہونے سے کنکشن اور چارجنگ میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے انہیں نرم اور مناسب طریقے سے صاف کرنا ضروری ہے تاکہ یہ بہتر حالت میں کام کرتے رہیں۔ اس کے ساتھ ہی یوایس بھی لگاتے اور نکالتے وقت احتیاط سے کام لیں، ورنہ پورٹس کی سپورٹ یا گِرپ لوز ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ کی دیکھ بھال کے لیے کسی پیچیدہ تکنیکی مہارت کی ضرورت نہیں، بلکہ صرف روزمرہ کی چند سادہ عادات اپنانا کافی ہے۔ مناسب استعمال اور وقتاً فوقتاً صفائی سے ڈیوائس کی عمر کئی سال تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

Read Entire Article