Times of Pakistan

کرائے کا گھر لینے والے ہوشیار، تین خفیہ شرائط پڑھے بغیر معاہدے پر دستخط نہ کریں

2 hours ago 4
ARTICLE AD BOX

شائع 16 جولائ 2026 03:33pm

پاکستان کے بڑے شہروں میں اپنے بجٹ اور پسند کے مطابق کرائے کا گھر تلاش کرنا ایک بہت ہی مشکل کام ہوتا ہے۔ ہفتوں کی تگ و دو، انٹرنیٹ پر اشتہارات دیکھنے اور مکان مالکان سے بات چیت کے بعد جب کوئی گھر مل جاتا ہے تو کرائے دار سکون کا سانس لیتے ہیں، لیکن یہی وہ وقت ہوتا ہے جب اکثر لوگ اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کر بیٹھتے ہیں۔

عام طور پر معلومات نہ ہونے کی وجہ سے کرائے دار جلدی میں معاہدے کی باریک اور اہم تحریر کو پڑھے بغیر ہی دستخط کر دیتے ہیں۔ قانونی ماہرین اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ کرائے کے معاہدے میں لکھی گئی چند اہم شقوں کو نظر انداز کرنے سے بعد میں سکیورٹی ڈپازٹ کی واپسی، دیکھ بھال کے اخراجات یا وقت سے پہلے گھر خالی کرنے پر بھاری جرمانے جیسے سنگین تنازعات کھڑے ہو جاتے ہیں۔

اگرچہ سارا دھیان ماہانہ کرائے پر ہوتا ہے، لیکن اصل خطرات معاہدے کی دیگر شقوں میں چھپے ہوتے ہیں۔ یاد رکھیں کرائے کا معاہدہ صرف ایک رسمی کاغذ نہیں بلکہ آپ کے حقوق اور ذمہ داریوں کی قانونی دستاویز ہے۔

1- سکیورٹی ڈپازٹ کی واپسی

پہلی اہم چیز سکیورٹی ڈپازٹ یعنی ایڈوانس رقم کی واپسی کی شرائط ہیں۔ مکان مالکان اور کرائے داروں کے درمیان سب سے زیادہ جھگڑے اسی رقم پر ہوتے ہیں۔ کرائے داروں کو کبھی بھی یہ فرض نہیں کر لینا چاہیے کہ گھر خالی کرتے ہی انہیں یہ رقم خود بخود واپس مل جائے گی۔ معاہدے میں یہ بات بالکل صاف لکھی ہونی چاہیے کہ مکان مالک کتنے دنوں میں یہ رقم واپس کرنے کا پابند ہوگا اور کن حالات میں اس رقم سے کٹوتی کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ معاہدے میں یہ فرق بھی واضح ہونا چاہیے کہ گھر کو پہنچنے والے نقصان اور عام استعمال کے بعد ہونے والی عام فرسودگی، جیسے دیواروں کا رنگ اڑ جانا یا معمولی ٹوٹ پھوٹ، میں کیا فرق ہے۔ بہت سے شہروں میں سکیورٹی ڈپازٹ دو سے چھ ماہ کے کرائے کے برابر ہوتا ہے، اس لیے اگر کٹوتی کے اصول اور واپسی کا وقت پہلے سے طے نہ ہو تو اپنے ہی پیسے واپس لینے کے لیے ایک لمبی اور مہنگی قانونی جنگ لڑنی پڑ سکتی ہے۔

رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق کرائے کے زیادہ تر تنازعات سکیورٹی ڈپازٹ، نقصان کے دعووں اور وقت سے پہلے معاہدہ ختم کرنے پر ہی ہوتے ہیں، اس لیے ان کی تفصیلی دستاویز تیار کرنا بہت ضروری ہے۔

2- لاک اِن پیریڈ اور نوٹس

دوسری اہم چیز لاک ان پیریڈ یعنی مخصوص مدت تک رہائش کی شرط اور گھر خالی کرنے کا طریقہ کار ہے۔ زندگی میں ملازمت، کاروبار یا شہر تبدیل ہوتے رہتے ہیں، لیکن ہو سکتا ہے کہ آپ کا کرائے کا معاہدہ اتنا لچکدار نہ ہو۔ ہر کرائے دار کو دستخط کرنے سے پہلے اس شرط کو غور سے پڑھنا چاہیے کہ وہ قانوناً کتنے عرصے تک اس گھر میں رہنے کا پابند ہے۔ اگر معاہدے میں یہ شرط موجود ہو تو مقررہ وقت سے پہلے گھر خالی کرنے کی صورت میں اسے معاہدے کی خلاف ورزی مانا جائے گا اور کرائے دار کو بقیہ مہینوں کا کرایہ بھی دینا پڑ سکتا ہے۔

اس لیے کرائے داروں کو چاہیے کہ وہ نوٹس دینے کی مدت، گھر خالی کرنے کے بعد معائنے کا طریقہ اور مرمت کی ذمہ داریوں کو معاہدے میں واضح طور پر لکھوائیں۔ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کرایہ داری کے رجحان کی وجہ سے اب یہ معاہدے پیچیدہ ہو چکے ہیں اور مبہم تحریر مالی نقصان اور قانونی تنازعات کا سبب بنتی ہے۔

3- مینٹیننس اور سروس چارجز

تیسری اہم چیز مینٹیننس یعنی دیکھ بھال کے ماہانہ اخراجات ہیں۔ بہت سے کرائے دار یہ سمجھتے ہیں کہ ماہانہ کرائے میں ہی تمام اخراجات شامل ہیں، لیکن جدید رہائشی سوسائٹیوں اور فلیٹس میں یہ اخراجات کافی زیادہ ہو سکتے ہیں۔

معاہدے میں صاف لکھا ہونا چاہیے کہ سوسائٹی یا عمارت کے ماہانہ چارجز کون ادا کرے گا۔ اگر یہ بات واضح نہ ہو تو بعد میں جھگڑا ہونا طے ہے۔ خاص طور پر بڑے رہائشی منصوبوں میں جہاں پارکنگ، لابی اور دیگر مشترکہ سہولیات ہوتی ہیں، وہاں دیکھ بھال کے اخراجات بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے یہاں تحریری معاہدہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے۔

زبانی وعدوں پر انحصار نہ کریں

ماہرین کا کہنا ہے کہ زبانی وعدوں کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہوتی، چاہے مکان مالک نے رنگ روغن، پارکنگ یا فرنیچر کا کتنا ہی پکا وعدہ کیوں نہ کیا ہو، جب تک وہ کاغذ پر نہیں لکھا جائے گا، اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔

کاروباری مقاصد کے لیے کرائے پر جگہ لیتے وقت

اس کے علاوہ اگر کوئی کاروباری مقصد یا دفتر کے لیے جگہ کرائے پر لے رہا ہو تو اسے تین مزید چیزوں پر نظر رکھنی چاہیے جن میں ہر سال کرائے میں ہونے والا اضافہ، دیکھ بھال کے چارجز اور بجلی، پانی اور مشترکہ جگہوں کے استعمال کے بل شامل ہیں۔

یاد رکھیں واضح معاہدہ جہاں کرائے دار کو پریشانی سے بچاتا ہے، وہیں یہ مکان مالک کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے کیونکہ اس سے کرائے دار کے ساتھ تعلقات اچھے رہتے ہیں اور ماہانہ آمدنی کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہتا ہے۔

Read Entire Article