Times of Pakistan

اسحاق ڈار کے امریکی قبضے میں موجود جہازوں کے پاکستانی اور ایرانی عملے کی واپسی کے لیے رابطے

1 hour ago 4
ARTICLE AD BOX

امریکی فوج نے ایران کے بحری محاصرے کی خلاف ورزی کرنے پر چند جہازوں کو قبضے میں لیا تھا

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سنگاپور کے قریب امریکی حکام کی تحویل میں موجود جہازوں پر پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی بحفاظت واپسی کے لیے سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں۔ یہ جہاز مبینہ طور پر امریکی فوج کی جانب سے ایران کے بحری محاصرے کی خلاف ورزی کرنے پر قبضے میں لیے گئے تھے۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ امریکی حکام کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہازوں پر موجود 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی فلاح و بہبود اور وطن واپسی میں تعاون فراہم کریں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ جہاز اس وقت سنگاپور کے سمندری حدود کے قریب موجود ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی اور دونوں ممالک اس صورتِ حال پر قریبی رابطے میں ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایرانی شہریوں کی پاکستان کے راستے ایران واپسی میں بھی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے سنگاپور کی جانب سے تعاون اور حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفتر خارجہ اور متعلقہ ادارے امریکی حکام سمیت دیگر فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت، فلاح و بہبود اور جلد از جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Read Entire Article