ARTICLE AD BOX
اسرائیل حزب اللہ جنگ بندی میں امریکی و قطری مذاکرات کاروں اور ایران کی معاونت شامل ہے: امریکی عہدیدار
امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے بعد اسرائیل اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بھی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صیہونی فوج کے حملوں کے جواب میں حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسی دوران اسرائیلی کابینہ کے وزراء کی جانب سے بھی نفرت انگیز بیانات سامنے آئے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں اور یہ جنگ بندی جمعے کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے سے شروع ہوگی۔
امریکی عہدیدار کے مطابق اس جنگ بندی کو حتمی شکل دینے میں امریکی اور قطری مذاکرات کاروں نے کردار ادا کیا ہے جب کہ ایران نے بھی اس عمل میں معاونت فراہم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز جھڑپوں کے بعد دونوں فریق جنگ بندی پر راضی ہوگئے ہیں۔
لبنان میں رات بھر جاری رہنے والے اسرائیلی حملوں نے خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دی تھی۔ لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ایک حملے میں چار اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر بھی سامنے آئی، جسے موجودہ کشیدگی کے دوران حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر سب سے مہلک حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ تازہ کشیدگی جمعرات کے روز امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے لیے بھی ایک چیلنج بنی نظر آرہی تھی۔
رائٹرز کے مطابق حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ایک رکنِ پارلیمان نے بتایا ہے کہ ایران نے حزب اللہ کو آگاہ کیا ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک ایک جامع جنگ بندی پر عمل درآمد نہ ہو جائے۔
امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے میں یہ شرط شامل ہے کہ امریکا، ایران اور ان کے اتحادی تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے کا اعلان کریں گے، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزراء کی جانب سے نفرت انگیز بیانات سے کشیدگی میں دوبارہ اضافے کے خدشات پیدا ہوتے نظر آرہے ہیں۔
اسرائیل کے دائیں بازو کے متعصب ترین وزیر اتمار بن گویر نے جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران 4 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو حق ہے کہ وہ پورے لبنان کو جلا ڈالے۔
.png)
1 hour ago
1





English (US) ·