Times of Pakistan

اسرائیل کے لبنان پر حملے؛ میا خلیفہ کا جذباتی پیغام وائرل

1 day ago 4
ARTICLE AD BOX

لبنانی نژاد اداکارہ فحش فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر اب سوشل میڈیا انفلوئنسر کی حیثیت سے وقت گزار رہی ہیں۔

شائع 09 اپريل 2026 08:20pm

اسرائیل کے لبنان پر شدید حملوں کے بعد لبنانی نژاد فحش فلموں کی سابق اداکارہ میا خلیفہ کا ایک جذباتی ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس میں وہ اسرائیلی جارحیت پر گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں میا خلیفہ نے اسرائیلی حملوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ بمباری کے دوران بیروت کا وہ اسپتال بھی مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے جہاں ان کی پیدائش ہوئی تھی۔

میا خلیفہ امریکی شہری ہیں جن کا آبائی تعلق لبنان سے ہے۔ انہیں فحش فلموں کی وجہ سے شہرت ملی تھی تاہم اب وہ یہ انڈسٹری چھوڑ کر سوشل میڈیا انفلوئنسر کی حیثیت سے متحرک ہیں اور لائف اسٹائل، فوڈ اور سیاست سے متعلقہ پوسٹس کرتی ہیں۔

بدھ کے روز لبنان پر شدید حملوں کے بعد انہوں نے اسرائیل کو حاصل امریکی حمایت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ میں اس بات کو کیسے تسلیم کروں کہ میرے ٹیکس کے پیسوں سے میرے ہی وطن کا یہ حال کیا جا رہا ہے‘۔

میا خلیفہ اسرائیلی جارحیت سے اپنے آبائی وطن میں ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

انہوں نے خاص طور پر رہائشی عمارتوں، اسکولوں اور اسپتالوں سمیت شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناظر ان کے لیے سب سے تکلیف دہ مناظر تھے۔

انہوں نے عالمی برادری کی ترجیحات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا کی توجہ خلا کو تسخیر کرنے پر مرکوز ہے جب کہ زمین پر لوگ مسلسل ایک دوسرے پر بمباری کر رہے ہیں‘۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے لبنان کے عوام کے ساتھ دلی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ہم وطنوں کو مشکل میں دیکھ کر تکلیف میں ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز اسرائیل نے لبنان پر اچانک حملوں میں 100 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں ایک ہی دن میں 250 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔

یہ کارروائیاں ایک ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم اسرائیلی حکام کا اصرار ہے کہ اس جنگ بندی معاہدے کا اطلاق لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جاری کارروائیں پر نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ میا خلیفہ اس سے قبل بھی امریکی اور اسرائیلی جارحیت پر آواز اٹھاتی آئی ہیں اور مشرقِ وسطیٰ کے حقوق اور فلسطین اور لبنان کاز کی حامی رہی ہیں۔ وہ اس بات کا بھی دعویٰ کرتی آئی ہیں کہ انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے نتیجے میں انہیں کئی بڑے معاہدوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔

Read Entire Article