Times of Pakistan

اسرائیلی وزیراعظم کا لبنان کے ساتھ براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا اعلان

23 hours ago 4
ARTICLE AD BOX

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے وحشیانہ بمباری کے بعد لبنان کے ساتھ براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔...

شائع 09 اپريل 2026 10:01pm

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے وحشیانہ بمباری کے بعد لبنان کے ساتھ براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے لبنان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ بھی شامل ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ لبنان کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ براہِ راست مذاکرات شروع کرنے کی بار بار درخواستوں کے پیشِ نظر میں نے کل کابینہ کو ہدایت دی ہے کہ لبنان کے ساتھ جلد از جلد براہِ راست مذاکرات شروع کیے جائیں۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ان مذاکرات کا مقصد حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اور اسرائیل اور لبنان کے درمیان پرامن تعلقات قائم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باوجود سفارتی رابطوں کی کوششیں تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔

دوسری جانب لبنانی حکومت کی جانب سے اس بیان پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم اسرائیلی بیان سے کچھ دیر قبل لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا تھا کہ موجودہ صورتحال کا واحد حل جنگ بندی اور اس کے بعد براہِ راست مذاکرات ہیں۔

لبنانی صدر کے مطابق وہ اس حوالے سے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں، جنہیں عالمی سطح پر مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کی جانب سے 2 مارچ کو حملوں کے بعد دوبارہ کارروائیاں شروع کیں۔ لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں تقریباً 1700 افراد ہلاک جب کہ 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے کم از کم 400 جنگجو بھی مارے جا چکے ہیں جب کہ تنظیم کی جانب سے اسرائیل پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔

Read Entire Article