Times of Pakistan

اسلام آباد مذاکرات: باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

1 week ago 14
ARTICLE AD BOX

شائع 11 اپريل 2026 08:42am

ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے تاریخی مذاکرات میں شرکت کے لیے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔

اس وفد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، ڈیفنس کونسل کے سیکرٹری علی اکبر، سینٹرل بینک کے سربراہ عبدالناصر اور متعدد ایرانی اراکین پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد پہنچنے والے اس وفد کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنا اور پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے ان اہم مذاکرات کو کامیاب بنانا ہے۔

اس پرواز کے دوران ایک انتہائی جذباتی منظر بھی دیکھا گیا جب ایرانی وفد کے جہاز کی سامنے والی قطاروں کو مکمل طور پر خالی چھوڑا گیا۔

یہ اقدام میناب میں ہونے والی کارروائی میں جان کی بازی ہارنے والے 168 بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔

باقر قالیباف نے ان خالی نشستوں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ایک خاموش یادگار کے طور پر لکھا کہ یہ معصوم بچے اس پرواز میں میرے ساتھی ہیں۔

ایران کے اس اقدام کا مقصد عالمی برادری کو جنگ کے نتیجے میں ہونے والے انسانی نقصان کی طرف متوجہ کرنا تھا۔

پاکستان پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ ایران خیرسگالی کے جذبے کے ساتھ یہاں آیا ہے۔

انہوں نے اپنے موقف میں سختی برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکا پر کوئی اعتماد نہیں ہے، لیکن اگر امریکا ہمارے حقوق تسلیم کرے اور ایک حقیقی معاہدہ پیش کرے تو ہم معاہدے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستانی حکام نے ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا ہے اور تمام ضروری سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اب پوری دنیا کی نظریں اسلام آباد پر جمی ہیں جہاں ایران اور امریکا کے وفود پاکستان کی میزبانی میں بیٹھ کر ایک ایسے حل کی تلاش کریں گے جو نہ صرف ان دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و امان کے لیے سودمند ثابت ہو۔

Read Entire Article