ARTICLE AD BOX
امیتابھ بچن نے واضح کیا کہ ان کا اشارہ ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی شکست کی طرف تھا
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی حالیہ بلاگ پوسٹ کے بعد صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو غلط معنی پہنائے گئے۔ امیتابھ بچن کے مطابق مذکورہ تحریر دراصل ان کی ذاتی صحت نہیں بلکہ لیونل میسی اور ان کی ٹیم کی شکست کو علامتی انداز میں بیان کرنے کے لیے لکھی گئی تھی۔ چند روز قبل امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں اسپتال، سرجری، آئی سی یو اور گھر واپسی جیسے الفاظ استعمال کیے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ شاید وہ کسی بیماری یا سرجری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ یہ پوسٹ دیکھتے ہی مداحوں نے ان کی خیریت جاننے کے لیے تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔ اب نئی بلاگ پوسٹ میں اداکار نے تمام خدشات دور کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر خیریت سے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ان کی تحریر کو درست تناظر میں نہیں سمجھا گیا۔ ان کے بقول، انہوں نے صرف ایک مثال دی تھی کہ جس طرح سرجری یا آئی سی یو سے گھر واپسی کے بعد جسم کو دوبارہ معمول پر آنے میں وقت لگتا ہے، اسی طرح کسی بڑے چیمپیئن کے لیے شکست کے بعد کا مرحلہ بھی نہایت کٹھن ہوتا ہے۔ امیتابھ بچن نے مزید بتایا کہ ان کا اشارہ ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی جانب تھا، جن کی ٹیم کی شکست کے تناظر میں انہوں نے یہ تشبیہ استعمال کی تھی، لیکن لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ وہ اپنی صحت کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ہر عظیم کھلاڑی یا چیمپیئن کو ایک نہ ایک دن یہ حقیقت قبول کرنا پڑتی ہے کہ مستقبل میں کوئی اور اس کی جگہ لے گا۔ اگرچہ یہ احساس کسی بھی کامیاب شخصیت کے لیے آسان نہیں ہوتا، لیکن یہی زندگی کا فطری اصول ہے اور یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ اداکار نے اپنی وضاحت میں یہ بھی کہا کہ انسانی جسم حیرت انگیز صلاحیت رکھتا ہے اور مناسب علاج، آرام اور محنت کے ذریعے دوبارہ اپنی مکمل کارکردگی حاصل کر لیتا ہے۔ ان کے مطابق شکست کھانے والے چیمپیئن کا سفر بھی کچھ ایسا ہی ہوتا ہے، کیونکہ مضبوط لوگ ہار ماننے کے بجائے دوبارہ اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی سابقہ پوسٹ میں ’اسپتال، سرجری، آئی سی یو اور گھر واپسی‘ کا ذکر کیا گیا تھا، جس نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا، تاہم اداکار نے اب واضح کر دیا ہے کہ اس تحریر کا تعلق ان کی صحت سے نہیں بلکہ ایک علامتی مثال سے تھا۔
.png)
12 hours ago
1




English (US) ·