ARTICLE AD BOX
اجلاس میں وزیراعظم نے قومی یک جہتی، اتحاد و اتفاق، سیاسی استحکام اور مل کر چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پرزور دیا۔
شائع 02 اپريل 2026 09:51pm
حکومت کے کفایت شعاری اجلاس میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید ڈالنے کا پلان تیار کر لیا گیا، وزیراعظم کی زیر صدارت سیاسی اور عسکری قیادت کی بیٹھک میں توانائی بحران، کفایت شعاری اورخلیجی جنگ پر غورکیا گیا، وزیراعظم نے کہا جنگ ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں فیلڈ مارشل کا کلیدی کردار ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں خطے میں جاری جنگی صورت حال کے باعث ملکی معیشت اور عوام کی حفاظت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اب اشرافیہ کو قربانی دینی ہوگی اور وفاقی و صوبائی سطح پر کم اہم منصوبوں پر کام روک کر فنڈز جمع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عام آدمی اور غریب طبقے کا تحفظ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قومی یکجہتی، اتحاد اور سیاسی استحکام برقرار رکھتے ہوئے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے معاشی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے اب تک 129 ارب روپے کا بوجھ اٹھایا اور پاکستان جنگ بندی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، اﷲ کے فضل و کرم سے خطے میں امن قائم ہو گا۔
اجلاس مین شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں جنگ دوسرے مہینے میں داخل ہو چکی ہے اور اس میں ہونے والی شہادتوں پر افسوس ہے۔ پاکستان نے مخلص دوست اور برادر ملک کے طور پر خطے میں جنگ کے شعلے کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایران اور دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے مسلسل رابطے رکھے اور اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے اور پاکستان نے جنگ بندی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں۔ اﷲ کے فضل و کرم سے یہ کوششیں کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ دو پاکستانی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے اور مزید 20 بحری جہازوں کو بھی محفوظ طریقے سے گزارنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم، وفاقی وزرا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ اشرافیہ کو ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور کم اہم منصوبے روک کر فنڈز کی بچت کرکے عام آدمی کی فلاح پر خرچ کی جائے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ زرعی شعبے، پبلک ٹرانسپورٹ اور ضروری گڈز کی حفاظت کی جائے تاکہ مہنگائی کے اثرات کم سے کم ہوں، اور ملک میں سیاسی و معاشی استحکام برقرار رہے۔
.png)
3 weeks ago
3




English (US) ·