Times of Pakistan

افریقی ملک نے فرانس سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا

16 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

برکینا فاسو نے اپنے شہریوں سے تمام غیر ملکی شہریوں کے ساتھ قانون اور احترام کے مطابق برتاؤ کرنے کی اپیل کی

برکینا فاسو کی فوجی حکومت نے فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برکینا فاسو کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے تعلقات کا ازسرِ نو جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے کیونکہ باہمی احترام، خودمختاری اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر فرانس کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا اب ممکن نہیں رہا۔

سرکاری بیان میں فرانس پر الزام لگایا گیا کہ وہ برکینا فاسو کے خلاف "نوآبادیاتی عزائم" رکھتا ہے، ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کرتا ہے اور ایسے عناصر کی حمایت کرتا ہے جو ملک اور خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں۔

حکومت نے واضح کیا کہ سفارتی تعلقات کا خاتمہ صرف ریاستی سطح کے تعلقات تک محدود ہے اور اس کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی روابط ختم کرنا نہیں ہے۔

برکینا فاسو نے اپنے شہریوں سے فرانس سمیت تمام غیر ملکی شہریوں کے ساتھ قانون اور احترام کے مطابق برتاؤ کرنے کی بھی اپیل کی۔

دوسری جانب فرانس نے اس فیصلے کی مذمت کی اور اسے بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ مناسب جوابی اقدامات پر غور کر رہا ہے۔

Read Entire Article