Times of Pakistan

امریکا میں مسافر طیارہ ڈرون سے ٹکرا گیا

2 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب لاس ویگاس سے آنے والا ایئربس اے 321 طیارہ لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا: رائٹرز

امریکا کے وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے کہا ہے کہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترنے والے جیٹ بلیو کے ایک مسافر طیارے سے مبینہ طور پر ڈرون ٹکرانے کی اطلاع کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن نے کہا ہے کہ یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب لاس ویگاس سے آنے والا ایئربس اے 321 طیارہ لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے تقریباً 3 ہزار فٹ کی بلندی پر اطلاع دی کہ طیارہ ممکنہ طور پر ایک ڈرون سے ٹکرایا ہے۔

جیٹ بلیو ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ پرواز محفوظ طریقے سے لینڈ کر گئی، تمام مسافر معمول کے مطابق طیارے سے اتر گئے، اور بعد ازاں جہاز کو تفصیلی معائنے کے لیے سروس سے ہٹا دیا گیا۔

معائنے کے دوران نہ تو کسی نقصان کے آثار ملے اور نہ ہی کسی ٹکراؤ کا ثبوت سامنے آیا۔

اس واقعے پر جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ائیرپورٹ چلانے والے پورٹ اتھارٹی آف نیویارک اینڈ نیو جرسی کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل بھی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ایک پرواز کو نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اترتے وقت ایک ڈرون کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کے روز پیش آیا تھا۔

پورٹ اتھارٹی نے مئی کے آخر میں ایک ای میل میں کہا تھا کہ ہم اپنی تمام تنصیبات پر بڑھنے والی آمدورفت کی تیاری کر رہے ہیں، کیونکہ نیویارک اور نیو جرسی کا علاقہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے کئی میچوں، بشمول 19 جولائی کو ہونے والے فائنل، کی میزبانی کرے گا۔

دوسری جانب امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اس نے اپنے وفاقی شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر رواں ماہ شروع ہونے والے فٹبال ٹورنامنٹ کے بعد سے امریکا کے تمام 11 میزبان شہروں میں ممنوعہ فضائی حدود سے 500 سے زائد ڈرون قبضے میں لیے ہیں۔

ایف اے اے نے اپنی ہدایت میں واضح کیا ہے کہ ڈرونز کو ائیرپورٹس کے قریب نہیں اڑانا چاہیے، کیونکہ پرواز کے دوران پائلٹس کے لیے ڈرون کو دیکھنا اور اس سے بچنا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔

ادارے کے مطابق ہر ماہ ائیرپورٹس کے قریب ڈرون دیکھے جانے کی 100 سے زیادہ اطلاعات موصول ہوتی ہیں۔ ایف اے اے نے خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت ڈرون اڑانے والوں کو بھاری جرمانے یا قید کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

Read Entire Article