Times of Pakistan

اہم لمحات میں کھیل پر گرفت برقرار نہ رکھ سکے، شان مسعود

17 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

کپتان نے میچ میں مثبت پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کپتان شان مسعود نے بنگلادیش سے پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم اہم لمحات میں کھیل پر گرفت برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔

میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے شکست پر مایوسی کا اظہار کیا کرتے ہوئے کہا ایک وقت میں دو سیٹ بیٹرز کی موجودگی میں ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان میچ ڈرا کرنے کی پوزیشن میں ہے، بدقسمتی سے ہم اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ جب سیٹ بیٹرز کریز پر موجود ہوں تو ڈرا کرنے کیلیے زیادہ دیر تک بیٹنگ کرنی چاہیے تھی۔

کپتان نے میچ میں مثبت پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اذان اویس نے اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری بنا کر صلاحیتوں کا لوہا منوایا، عبداللہ فضل نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔

شان مسعود نے کہا کہ انہیں میچ سے ایک رات قبل تک ٹیم میں اپنی شمولیت کا علم نہیں تھا لیکن اس کے باوجود موقع ملنے پر اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کی، ان دونوں کا انتخاب صلاحیتوں کو دیکھ کر کیا گیا تھا، انہوں نے میدان میں جس پختگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔

کپتان نے امید ظاہر کی کہ جیسے جیسے یہ کھلاڑی زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے، ان کے فیصلے کرنے کی قوت میں مزید بہتری آئے گی۔

ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے پر کپتان نے کہا کہ حالات بولنگ کیلیے سازگار تھے، ٹیم نے جلد دو وکٹیں بھی حاصل کیں لیکن پہلی اننگز میں بولنگ نہ ہی بیٹنگ میں ہم اس برتری کا فائدہ اٹھا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں جب کھیل آپ کے ہاتھ میں ہو تو مخالف ٹیم کو مکمل طور پر دباؤ میں لانا ضروری ہوتا ہے، ہماری ٹیم ایسا کرنے میں ناکام رہی۔

شان مسعود نے مزید کہا کہ 6 ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی کاوش پر شک نہیں کیا جا سکتا لیکن ہمیں ایسی پچز پر کھیل کو ختم کرنے کا فن سیکھنا ہوگا، ٹیم کو غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھانی چاہیے۔

Read Entire Article