Times of Pakistan

بحرین کا پاسدارانِ انقلاب سے منسلک 41 افراد کی گرفتاری کا دعویٰ

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

استغاثہ کی تحقیقات میں ایرانی حملوں کے لیے ’ہمدردی‘ سے متعلق مقدمات بھی شامل ہیں: بحرینی وزارت داخلہ

بحرین کی وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک 41 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر سکیورٹی خدشات اور غیر ملکی روابط سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب سیکیورٹی اداروں نے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ایک مبینہ گروہ کو بے نقاب کیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف تحقیقات میں ایسے مقدمات بھی شامل ہیں جن میں ایرانی حملوں سے متعلق ہمدردی یا اس نوعیت کی سرگرمیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

اس سے قبل تقریباً دو ہفتے پہلے بحرینی وزارت داخلہ نے 69 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، جن پر ایران مخالف اقدامات کی تعریف یا غیر ملکی تنظیموں سے روابط رکھنے جیسے الزامات لگائے گئے تھے۔

دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ نے خطے کے ممالک، خصوصاً بحرین کو خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق امریکا کی حمایت یافتہ قرارداد کی حمایت سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

الجزیرہ‘ کے مطابق ایرانی رکنِ پارلیمنٹ ابراہیم عزیزی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ واشنگٹن کی حمایت میں کسی بھی اقدام کے نتائج خطے کے ممالک کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں خاص طور پر بحرین کا نام لیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے ممالک سمیت تمام حکومتوں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ امریکا کی حمایت یافتہ قرارداد کا ساتھ دینے سے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

ابراہیم عزیزی کے مطابق آبنائے ہرمز ایک انتہائی اہم بحری راستہ ہے اور اس سے متعلق فیصلوں میں غلطی کرنا ممالک کے لیے طویل المدتی مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم متنبہ کرتے ہیں کہ امریکا کی حمایت یافتہ قراردادوں کا ساتھ دینے والے ممالک اپنے لیے آبنائے ہرمز کے راستے ہمیشہ کے لیے بند کرنے کے مترادف صورتِ حال پیدا کر سکتے ہیں۔

Read Entire Article