Times of Pakistan

بلوچستان اپیکس کمیٹی میں انسداد دہشتگردی کے حوالے اہم فیصلے کیے گئے، سرفراز بگٹی

7 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں امن و امان کی صورت حال، انسداد دہشت گردی کی حکمت علی، جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقدہ بلوچستان اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا کہ اجلاس دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک فیصلہ کن پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریاست دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور پاکستان کے خلاف سرگرم تمام دہشت گرد نیٹ ورکس کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ادارے مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، سرحدی سلامتی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا او اس حوالے سے متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی اور بدامنی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، یہ صرف حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا عزم ہے، جس پر عمل درآمد کے لیے تمام ریاستی ادارے متحد اور پرعزم ہیں۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات، قربانی اور دہشت گردی کے خلاف کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے پولیس، لیویز، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، ملکی سرحدوں کا دفاع کیا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج، پولیس، لیویز، فرنٹیئر کور، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران اور جوانوں نے بے مثال قربانیاں دے کر وطن کے دفاع کی ایک درخشاں تاریخ رقم کی ہے، شہدا کی قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور انہی کی بدولت پاکستان کا امن، استحکام اور قومی سلامتی محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار بلوچستان کے عوام کی ترقی، خوش حالی اور قومی یکجہتی کے دشمن ہیں، ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ریاست قانون کے مطابق پوری قوت سے ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں، معدنی وسائل، گوادر کی ترقی، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی کیونکہ امن ہی ترقی کی بنیاد ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں قومی اور صوبائی سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوش حالی کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام ادارے مکمل اتحاد، مربوط حکمت عملی اور قومی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

Read Entire Article