Times of Pakistan

تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا

18 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا بلکہ اس کے برعکس لیوی میں اضافہ کردیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے اعداد و شمار نے اس فیصلے پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

وزیر پیٹرولیم کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں بھی عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ظاہر کی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود صارفین کو قیمتوں میں مزید کمی کا فائدہ نہیں دیا گیا۔

وزیر پیٹرولیم کی جانب سے شیئر کیے گئے ڈیٹا کے مطابق 22 جون کو عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 98.35 ڈالر فی بیرل تھی، جو صرف 4 روز میں 6.67 ڈالر کم ہو کر 26 جون کو 91.68 ڈالر فی بیرل رہ گئی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 22 جون کو 109.09 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 26 جون کو 104.79 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نہ تو کسی ایک شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے پر غیر ضروری بوجھ ڈال رہی ہے۔ حکومت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے دائرے میں رہتے ہوئے صارفین تک ہر ممکن فائدہ پہنچانے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دور میں اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 200 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے یہ بھی بتایا کہ اس ہفتے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 98.35 سے 91.68 ڈالر فی بیرل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پلیٹس قیمت 109.09 سے 104.79 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی۔

دوسری جانب ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ بھی کر دیا ہے۔ ڈیزل پر لیوی 6 روپے 57 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ پیٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد یہ 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

اسی طرح حکومت نے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں بھی 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے فضائی کمپنیوں کے ایندھن کے اخراجات میں کمی آئے گی، تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں متناسب کمی کرنے کے بجائے ایک ہفتے کے لیے موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی، البتہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کر کے نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔

اسی فیصلے کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں اضافہ بھی کیا گیا، جس کے باعث عوام کو عالمی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ منتقل نہیں ہو سکا۔

Read Entire Article