Times of Pakistan

ثانیہ اشفاق کے سابق شوہر عماد وسیم پر نئے الزامات، کرکٹر کا سخت ردِعمل، دھمکی دے دی

13 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

جولائی 2025 میں برطانیہ میں گھریلو تشدد کے الزامات پر عماد وسیم کو گرفتار کیا گیا تھا، سابقہ اہلیہ کا دعویٰ

پاکستانی کرکٹر عماد وسیم اور ان کی سابقہ اہلیہ، ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسر ثانیہ اشفاق کے درمیان تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا ہے۔ ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر نئی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق مزید سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جس کے جواب میں عماد وسیم نے بھی اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھتے ہوئے سابقہ اہلیہ کو سخت انتباہ جاری کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ شادی کے دوران انہیں شدید ذہنی دباؤ، کنٹرول کرنے والے رویے اور نامناسب سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب عماد وسیم نہ صرف بچوں کے اخراجات اٹھانے سے گریز کر رہے ہیں بلکہ ان سے ملاقات یا رابطے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتے، تاہم اس کے باوجود بچوں کی تحویل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ثانیہ اشفاق نے مزید الزام عائد کیا کہ دنیا جانتی ہے کہ عماد وسیم کے موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کے ساتھ تعلقات کب شروع ہوئے۔ ان کے مطابق حمل کے دوران انہیں دھوکا دیا گیا اور اسی عرصے میں سابق شوہر کے حد سے زیادہ کنٹرول کرنے والے رویے نے ان کی زندگی کو انتہائی مشکل بنا دیا تھا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ جولائی 2025 میں برطانیہ میں گھریلو تشدد اور رویے سے متعلق الزامات کے باعث عماد وسیم کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے بقول اس دوران انہیں خدشہ تھا کہ ان سے بچوں کو الگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ان پر اپنا مؤقف واپس لینے کے لیے بھی دباؤ ڈالا گیا، جس کے بعد سوشل سروسز کو معاملے میں مداخلت کرنا پڑی۔

ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ حال ہی میں سوشل ورکرز نے عماد وسیم سے بچوں سے رابطے کے حوالے سے پوچھا، لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ان کے مطابق وہ نہ بچوں سے ملنا چاہتے ہیں اور نہ ہی بات کرنا چاہتے ہیں، تاہم ان کی زندگی مسلسل مشکل بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ بچوں کی تحویل چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماں کے طور پر وہ ہر حال میں اپنے بچوں کی حفاظت کریں گی اور امید کرتی ہیں کہ حقیقت ایک دن سب کے سامنے آ جائے گی۔

دوسری جانب عماد وسیم نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طلاق اپنی ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دی تھی اور ان کی زندگی کا یہ باب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودہ زندگی، اہلیہ اور اہلِ خانہ کو اس تنازع سے دور رکھا جائے۔

عماد وسیم نے واضح کیا کہ ان کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، کیونکہ وہ ان کی زندگی میں طلاق کے بعد آئیں۔ انہوں نے سابقہ اہلیہ سے کہا کہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر حقیقت کو قبول کریں اور روزانہ عوامی سطح پر اس معاملے کو اچھالنے کا سلسلہ بند کریں۔ عماد وسیم نے یہ بھی کہا کہ یہ آخری مرتبہ ہے جب وہ اس تنازع پر عوامی طور پر اپنا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔

Read Entire Article