Times of Pakistan

جاپانی قونصل جنرل کراچی کی گرین وچ یونیورسٹی میں کتابوں کی حوالگی کی تقریب میں شرکت

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

ریڈ جاپان پروجیکٹ" کے تحت جاپانی تاریخ، ادب، فنون اور فلسفے سمیت مختلف موضوعات پر مشتمل 110 کتابیں یونیورسٹی کو عطیہ کی گئیں۔

جاپانی قونصل جنرل کراچی ہاتوری مسارو نے ٹوکیو فاؤنڈیشن کے اشتراک سے گرین وچ یونیورسٹی کراچی میں منعقدہ کتابوں کی حوالگی کی تقریب میں شرکت کی، جہاں ”ریڈ جاپان پروجیکٹ“ کے تحت جاپانی تاریخ، ادب، فنون اور فلسفے سمیت مختلف موضوعات پر مشتمل 110 کتابیں یونیورسٹی کو عطیہ کی گئیں۔

کراچی میں واقع گرین وچ یونیورسٹی میں بدھ 10 جون 2026 کو ”ریڈ جاپان پروجیکٹ“ کے تحت کتابوں کی حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں جاپانی قونصل جنرل کراچی ہاتوری مسارو نے شرکت کی۔

یہ تقریب ٹوکیو فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس کے تحت 110 کتب گرین وچ یونیورسٹی کو عطیہ کی گئیں۔ کتابوں میں جاپانی تاریخ، فنون، سیاست، ادب اور فلسفے سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔

تقریب کے دوران قونصل جنرل ہاتوری مسارو نے ٹوکیو فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ کتب باضابطہ طور پر یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عطیہ کی گئی کتابیں طلبہ، اساتذہ، محققین اور جاپان کے بارے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے مفید علمی سرمایہ ثابت ہوں گی۔

اس موقع پر گرین وچ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نوید مغل نے کہا کہ جاپانی قونصل خانہ کراچی ہمیشہ یونیورسٹی کے ساتھ تعاون اور اشتراک میں پیش پیش رہا ہے، جسے ادارہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جاپان سے قومی تعمیر و ترقی اور نظم و ضبط کے حوالے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے کیوں کہ جاپانی قوم دنیا کی منظم ترین اقوام میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے جاپانی قونصل خانے اور ٹوکیو فاؤنڈیشن کا کتابوں کے عطیے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تعلیمی و ثقافتی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ ٹوکیو فاؤنڈیشن کا ”ریڈ جاپان پروجیکٹ“ نیپون فاؤنڈیشن کے مالی تعاون سے 2008 سے جاری ہے، جس کے تحت دنیا بھر کے کتب خانوں، جامعات اور تحقیقی اداروں کو جاپان سے متعلق انگریزی زبان کی کتب فراہم کی جاتی ہیں تاکہ علمی تبادلے اور ثقافتی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

Read Entire Article