Times of Pakistan

جرمنی میں تہوار کے دوران ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، ایک شخص ہلاک 17 زخمی

10 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

پولیس نے واقعے کے بعد مشتبہ ملزم کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی

شائع 26 جولائ 2026 09:21am

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں سالانہ پرائیڈ ایونٹ کے دوران ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے، جن میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کے بعد مشتبہ ملزم کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی رات برلن کے مرکزی علاقے ٹیئرگارٹن پارک میں برانڈن برگ گیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے کی سالانہ تقریبات جاری تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی نے اچانک ہجوم میں گھس کر متعدد افراد کو ٹکر ماری اور بعد میں ایک درخت سے ٹکرا کر رک گئی۔

موقع پر موجود پولیس ترجمان نے بتایا کہ گاڑی رات تقریباً 10 بجے ٹیئرگارٹن میں داخل ہوئی، اس دوران کئی افراد زخمی ہوئے اور پھر ایک درخت سے ٹکرا کر رک گئی۔

پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ جب جائے وقوعہ کے قریب پہنچے تو دیکھا گاڑی کے اندر کوئی نہیں تھا، اسی لیے ہم حملہ کرنے والے یا حملہ آوروں کو تلاش کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

واقعے کے کئی گھنٹے بعد بھی حملے کی تمام تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس نے بتایا کہ ایک مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے، تاہم ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ استعمال ہونے والی گاڑی سفید رنگ کی تھی، جو ممکنہ طور پر کار، منی وین یا منی بس تھی۔ جرمن اخبار بلڈ نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ گاڑی ایک وین تھی اور حادثے کے بعد ایک شخص اس سے نکل کر پیدل فرار ہوگیا۔

فائر بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے 17 افراد میں سے 8 شدید زخمی ہیں، جبکہ ان میں 3 کی حالت زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔

Read Entire Article