ARTICLE AD BOX
شائع 05 جولائ 2026 09:07pm
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسانیت اور بہادری کی ایک دل دہلا دینے والی مثال سامنے آئی ہے، جہاں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ایک خاتون کو مبینہ طور پر زبردستی لے جانے کی کوشش سے بچاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بن گئے جب کہ واقعے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے ہیں جب کہ ان کے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے علاقے نائنتھ ایونیو پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم نے ایک خاتون کی مدد کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم وہاں سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی کرتے دیکھا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی روکی اور خاتون کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔
واقعے کے دوران خاتون بھاگ کر گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کے دوسری جانب آ گئی۔ اسی اثنا میں موٹرسائیکل سوار، جس کی شناخت سعد کے نام سے ہوئی ہے، نے مبینہ طور پر گروپ کیپٹن عاصم سے تلخ کلامی کی اور اچانک فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہوگئے جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ خاتون کا بیان بھی قلمبند کر لیا گیا ہے۔
خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم سعد اسی کے دفتر میں ملازم ہے۔ اس کے مطابق ملزم نے صبح اسے دفتر چھوڑنے کی پیشکش کی تاہم راستے میں اس نے راستہ تبدیل کر دیا اور مبینہ طور پر اسے کسی دوسری جگہ لے جانے کی کوشش کی۔
خاتون کے مطابق جب اس نے مزاحمت کی تو ملزم نے اس کے ساتھ زبردستی شروع کر دی، اسی دوران گروپ کیپٹن عاصم موقع پر پہنچے اور اس کی مدد کی۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔
شہید گروپ کیپٹن عاصم اپنے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو چھوڑ گئے ہیں۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شہری گروپ کیپٹن عاصم کی بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کے مبینہ قاتل کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے ایریا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ کھنہ کی حدود بند کھنہ روڈ کا رہائشی ہے، ملزم کی عمر 20 سال جب کہ تعلیم میٹرک ہے، ملزم الیکٹرانک کی دکان پر بطور سیلز مین بھی کام کرتا رہا، ملزم نے گاڑی میں سوار گروپ کیپٹن پر فائرنگ کی اور فرار ہوا۔
.png)
1 day ago
2




English (US) ·