ARTICLE AD BOX
محکمہ اسکول ایجوکیشن و لٹریسی سندھ کا نوٹیفکیشن جاری، سنگل اور ڈبل شفٹ کے نئے اوقات مقرر
شائع 18 فروری 2026 12:42pm
رمضان المبارک کے دوران طلبہ اور اساتذہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن و لٹریسی سندھ نے صوبے بھر کے اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نئے اوقات تمام سرکاری اور نجی پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں پر لاگو ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول صبح 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ڈبل شفٹ اسکولوں میں پہلی شفٹ صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گی، جبکہ دوسری شفٹ 11 بج کر 45 منٹ سے دوپہر 2 بج کر 45 منٹ تک تدریسی سرگرمیاں انجام دے گی۔
جمعہ کے روز سنگل شفٹ اسکول صبح 8 بجے سے 11 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے، تاکہ نماز جمعہ کے پیش نظر طلبہ اور عملے کو بروقت چھٹی دی جا سکے۔
محکمے کے مطابق یہ فیصلہ رمضان المبارک کے دوران روزے کی حالت میں طلبہ اور اساتذہ کو سہولت دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی یقینی بنائیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ ان احکامات پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔
.png)
1 hour ago
1






English (US) ·