ARTICLE AD BOX
شائع 18 فروری 2026 03:36pm
ویسے تو سال کے ہردن خوراک کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے لیکن رمضان المبارک میں اس کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ دہی اس مہینے میں غذا کا اہم حصہ بن جاتا ہے۔ تاہم سپر مارکیٹ میں دہی کے مختلف اقسام یونانی، فل فیٹ، کم چکنائی، اسکیمڈ یا نباتاتی کے درمیان درست فیصلہ کرنا اکثر مشکل ہو جاتا ہے۔
دہی کی ہر قسم کا پیکٹ صحت بخش ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، مگر اصل فرق اس کے اجزاء میں پوشیدہ ہوتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق صحت مند دہی چننے کے لیے زیادہ غوروخوض کی ضرورت نہیں، صرف غذائی لیبل کو غور سے پڑھنا کافی ہے۔
نیویارک انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے وابستہ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام دہی پروٹین اور کیلشیم فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان میں موجود مفید بیکٹیریا آنتوں کی کارکردگی بہتر بنا کر مدافعتی نظام کو تقویت دیتے ہیں۔
اصل توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ دہی میں شامل اجزاء کیا ہیں۔ سادہ دہی عام طور پر دودھ اور جانداربیکٹیریا پر مشتمل ہوتا ہے۔
اگر اجزاء کی فہرست طویل ہو تو امکان ہے کہ اس میں مصنوعی ذائقے، رنگ یا محفوظ رکھنے والے کیمیکل شامل ہوں۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سادہ دہی خرید کر اس میں گھر پر تازہ پھل یا تھوڑی مقدار میں شہد شامل کر لیا جائے۔
زیادہ شکر دہی کو صحت بخش انتخاب سے دور کر سکتی ہے۔ ذائقہ دار یا پھل والے دہی میں اضافی چینی شامل ہو سکتی ہے، جو کیلوریز بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔ ماہرین کے مطابق فی سروس آٹھ گرام سے زیادہ شکر والی مصنوعات سے گریز بہتر ہے۔
یونانی یا اسکینڈینیوین طرز کے دہی میں عموماً پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، کیونکہ ان سے اضافی پانی نکال دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ زیادہ دیر تک پیٹ بھرا رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور سحری یا افطار کے لیے موزوں انتخاب بن سکتے ہیں۔
اگرچہ فل فیٹ دہی دوبارہ مقبول ہو رہا ہے، لیکن اس کا استعمال فرد کی مجموعی خوراک اور صحت کی ضروریات پر منحصر ہونا چاہیے۔ اسی طرح نباتاتی دہی لینے کی صورت میں یہ دیکھنا ضروری ہے کہ اس میں کیلشیم اور وٹامن ڈی شامل ہوں تاکہ غذائی فوائد مکمل رہیں۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ گرینولا، چاکلیٹ یا بسکٹ کے ساتھ آنے والے دہی اکثر میٹھے اسنیک میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ بہتر ہے کہ سادہ دہی لے کر اس میں اپنی پسند کے خشک میوے یا بیج شامل کیے جائیں۔
دہی ایک مفید اور متوازن غذا ہے، مگر اس کی اصل افادیت کا دارومدار محتاط انتخاب اور لیبل کو سمجھ کر پڑھنے پر ہے۔ رمضان میں چھوٹے مگر دانش مندانہ فیصلے آپ کی صحت پر بڑا مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔
.png)
2 hours ago
1






English (US) ·