Times of Pakistan

سانگھڑ میں متاثرہ ریلوے ڈاؤن ٹریک 24 گھنٹے بعد بحال

9 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

بحال کیے گئے ڈاؤن ٹریک سے فرید ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس، ذکریا ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے

شائع 21 جولائ 2026 09:27am

سانگھڑ کے قریب وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے مقام پر متاثر ہونے والا ڈاؤن ریلوے ٹریک چوبیس گھنٹے کی مسلسل مرمت کے بعد بحال کر دیا گیا، جس کے بعد پنجاب سے کراچی آنے والی متعدد مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق بحال کیے گئے ڈاؤن ٹریک سے فرید ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس، ذکریا ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ریلوے آپریشن بتدریج معمول پر لایا جا رہا ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ڈاؤن ٹریک کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، تاہم اپ ٹریک کی بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی مرمت میں مزید کچھ وقت درکار ہوگا، جس کے بعد دونوں اطراف ریلوے ٹریفک مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔

ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ اپ ٹریک کی بحالی تک ٹرینوں کی آمد و رفت کو دستیاب ٹریک کے ذریعے مرحلہ وار جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے پنجاب جانے والی کوئلہ بردار مال گاڑی وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک شدید متاثر ہوئے اور ملک کے اہم ریلوے روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی شروع کر دی تھی اور مختلف سمتوں سے آنے والی مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا تھا۔

حادثے کے بعد انتظامیہ نے مسافروں کی حفاظت اور ٹریک کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کردیے تھے۔

Read Entire Article