ARTICLE AD BOX
بھارت کی ریاست گجرات میں پولیس نے احمد آباد کی ایک جیولری شاپ میں ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے سے زائد مالیت کی مسلح ڈکیتی کے الزام میں بھارتی فضائیہ کے ایک کارپورل کو گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی ریاست گجرات کی پولیس نے بھارتی فضائیہ کے 31 سالہ کارپورل دیپک بھوکر کو احمد آباد میں ایک جیولری شاپ پر ایک کروڑ 51 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی مسلح ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو دہلی سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ بھارتی فضائیہ کے ایک یونٹ میں تعینات تھا۔
پولیس کے مطابق یہ واردات 16 جولائی 2024 کو احمد آباد کے علاقے مانیک چوک میں پیش آئی تھی۔ ملزم دوپہر کے وقت چہرہ ڈھانپ کر اور سرخ ٹوپی پہن کر جیولری شاپ میں داخل ہوا، دکان سے ایک کروڑ 51 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات لوٹے اور مزاحمت پر دکاندار کو گھٹنے میں گولی مار دی، جس کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے فوراً بعد احمد آباد چھوڑ کر چلا گیا اور تقریباً دو سال تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت سے بچا رہا۔ تاہم جمعہ کو احمد آباد کی ایک عدالت نے اسے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
سینئر پولیس افسر روپل سولنکی کے مطابق تحقیقات میں اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب پولیس کو اطلاع ملی کہ جام نگر میں ایک ریٹائرڈ بھارتی فضائیہ افسر کے گھر سے چوری ہونے والا سروس ریوالور اسی ڈکیتی میں استعمال کیا گیا تھا۔ اس اطلاع کے بعد لوکل کرائم برانچ اور کھاڈیا پولیس پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے جام نگر میں ہونے والی چوری کے کیس کی بھی ازسرِنو تحقیقات شروع کیں۔
پولیس کے مطابق دونوں مقدمات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا تقابلی جائزہ لینے سے ملزم کی شناخت ممکن ہوئی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وارداتوں کے وقت ملزم جام نگر ایئر فورس یونٹ میں تعینات تھا، جبکہ بعد ازاں اس کا تبادلہ دہلی کر دیا گیا تھا۔
احمد آباد پولیس کی ٹیم نے دہلی پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے بیرک سے واردات میں استعمال ہونے والا سروس ریوالور اور گولیاں بھی برآمد کر لیں، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں مہارت رکھتا تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے جعلی آدھار کارڈز اور مختلف موبائل نمبرز استعمال کرتا تھا۔ ہوٹلوں میں قیام کے دوران بھی وہ جعلی شناخت اختیار کرتا رہا، جبکہ فنگر پرنٹس سے بچنے کے لیے انگلیوں پر ٹیپ لپیٹ لیتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ میں خدمات انجام دینے کی وجہ سے ملزم کو اسلحہ استعمال کرنے اور فائرنگ کی خصوصی تربیت حاصل تھی۔
پولیس کے مطابق واردات کے بعد اس نے تعاقب سے بچنے کے لیے راستے میں چھ سے سات آٹو رکشے اور کئی بار کپڑے تبدیل کیے۔ تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم ماضی میں جام نگر میں شراب سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے ایک مقدمے میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس گرفتاری کے بعد جام نگر میں گھر میں چوری اور احمد آباد کی جیولری شاپ ڈکیتی، دونوں مقدمات کی گتھی سلجھا لی گئی ہے۔
.png)
15 hours ago
3




English (US) ·