Times of Pakistan

سپر 8 مرحلے سے قبل اہم سری لنکن کھلاڑی ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر

2 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

شائع 18 فروری 2026 08:15pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، فاسٹ بولر متھیشا پتھیرانا پنڈلی کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ ان کی جگہ دلشان مدھوشنکا کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق اسکین رپورٹس میں متھیشا پاتھیرانا کی پنڈلی میں کھچاؤ کی تصدیق ہوئی ہے، جس کی مکمل بحالی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں تاہم ان کی آئی پی ایل دستیابی فوری طور پر خطرے میں نہیں ہے۔

25 سالہ دلشان مدوشنکا کو زمبابوے کے خلاف سری لنکا کے آخری گروپ میچ سے ایک روز قبل اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

متھیشا پتھیرانا آسٹریلیا کے خلاف پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ کے دوران اپنی چوتھی گیند کے بعد بائیں ٹانگ پکڑ کر گر پڑے تھے اور انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا تھا تاہم وہ اس اننگز میں دوبارہ بولنگ کے لیے واپس نہیں آئے تھے۔

سری لنکا کے بیٹنگ کنسلٹنٹ وکرم راٹھور نے زمبابوے کے خلاف میچ سے قبل تصدیق کی ہے کہ متھیشا پتھیرانا ٹورنامنٹ کے بقیہ حصے کے لیے فٹ نہیں ہیں۔

متھیشا پتھیرانا کو سری لنکا کا مؤثر ڈیتھ بولر سمجھا جاتا ہے اور وہ ٹیم کے تیز ترین بولرز میں شامل ہیں، ان کی جگہ شامل کیے گئے دلشان مدوشنکا نے اب تک 15 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 31.86 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جب کہ ان کا اکانومی ریٹ 9.75 ہے۔

مدوشنکا نے اپنا آخری ٹی20 انٹرنیشنل جولائی 2024 میں بھارت کے خلاف پالی کیلے میں کھیلا تھا، جہاں انہوں نے 3 اوورز میں 45 رنز دیے تھے۔

2025 کے شروع میں بھی ٹانگ کی انجری کے باعث وہ طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہے، بعد ازاں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیے گئے تاہم کوئی میچ نہ کھیل سکے جب کہ زمبابوے کے دورے میں دو ون ڈے میچز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں لیکن پھر گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے۔

میچ فٹنس کی کمی کے باعث وہ ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا کے آخری دوروں کا حصہ نہیں بن سکے تھے تاہم موجودہ صورت حال میں انہیں دوبارہ موقع ملا ہے۔ یاد رہے کہ وہ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں 21 وکٹوں کے ساتھ نمایاں وکٹ ٹیکرز میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ سری لنکا اور زمبابوے دونوں ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکے ہیں، سپر ایٹ مرحلے میں سری لنکا کو انگلینڈ سے پالی کیلے، نیوزی لینڈ سے کھیتاراما اور پاکستان سے دوبارہ پالی کیلے میں مقابلہ کرنا ہے۔

Read Entire Article