Times of Pakistan

عقیدت کی انوکھی مثال، سید نگر میں "امام بارگاہ فاتح شام" تعمیر

2 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

بی بی زینبؑ کے مزار اقدس سے مشابہ امام بارگاہ کی تعمیر پر 15 کروڑ روپے سے زائد خرچ

وزیرآباد کے نواحی قصبے سید نگر میں اہلِ بیتؑ سے عقیدت کی ایک منفرد مثال سامنے آئی ہے، جہاں ایک عقیدت مند نے حضرت بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے مزار اقدس سے مشابہ ”امام بارگاہ فاتح شام“ تعمیر کروا دی۔ دو سالہ مسلسل محنت کے بعد مکمل ہونے والی یہ امام بارگاہ اب دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

علی پور چٹھہ سے منسلک قصبہ سید نگر میں اہلِ بیت اطہارؑ سے محبت اور عقیدت کا ایک منفرد اظہار دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک مقامی رہائشی نے حضرت بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے مزار اقدس سے مشابہ ”امام بارگاہ فاتح شام“ تعمیر کروا دی ہے۔

امام بارگاہ کی تعمیر کے پیچھے کسی ادارے یا بڑی تنظیم کا نہیں بلکہ ایک فرد کی دیرینہ خواہش اور عقیدت کارفرما ہے۔ تعمیر کنندہ کے مطابق حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی عظیم قربانیوں، صبر اور پیغامِ کربلا سے محبت نے انہیں اس منصوبے کی تکمیل پر آمادہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اس امام بارگاہ کی تعمیر کا کام تقریباً دو برس تک جاری رہا اور اب تک اس پر 15 کروڑ روپے سے زائد لاگت آ چکی ہے۔ تعمیر میں فنِ تعمیر کے حسین نمونوں، نفیس نقش و نگاری اور دیدہ زیب آرائش کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔

امام بارگاہ کا سنہری گنبد اور اس کی طرزِ تعمیر شام میں واقع حضرت بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک کی یاد تازہ کرتی ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ عمارت کی خوبصورتی اور روحانی فضا انہیں عقیدت و احترام کے جذبات سے سرشار کر دیتی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق امام بارگاہ فاتح شام کی شہرت دور دور تک پہنچ چکی ہے اور مختلف شہروں سے عقیدت مند یہاں حاضری دینے اور اس منفرد تعمیر کو دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ”امام بارگاہ فاتح شام“ ایک فرد کے خواب اور عقیدت کا ایسا عملی اظہار ہے جو آج حقیقت کا روپ دھار چکا ہے اور اہلِ بیتؑ سے محبت کی ایک یادگار مثال بن گیا ہے۔

Read Entire Article