Times of Pakistan

فلپائن میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، 32 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے اور کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔

فلپائن میں آنے والے ایک طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، 7.8 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والی سونامی نے جنوبی فلپائن کو ہلا کر رکھ دیا، زلزلے کے نتیجے اب تک کم از کم 32 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ درجنوں افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

جنوبی فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، زلزلے کا مرکز سرانگانی صوبے کے ساحل سے تقریباً 32 کلومیٹر دور سمندر میں تھا تاہم اس کے اثرات دور دور تک محسوس کیے گئے۔

بین الاقوامی اداروں کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جھٹکوں کی شدت سطح زمین پر زیادہ محسوس کی گئی۔

زلزلے کے فوری بعد ایک میٹر بلند سونامی کی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا گئیں، جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ شہری خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے جب کہ قیامت خیز زلزلے کے جھٹکوں سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور درجنوں دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق زلزلے کے باعث اب تک کم از کم 32 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 200 سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

زلزلے کے بعد فلپائن، انڈونیشیا، جاپان اور آسٹریلیا میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ رواں سال دنیا کا سب سے طاقتور زلزلہ ہے، جو صرف 8 ماہ قبل آنے والے فلپائن کے ایک اور بڑے زلزلے کے بعد پیش آیا ہے۔

دوسری جانب پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران فلپائن، انڈونیشیا، پلاؤ، تائیوان اور پاپوا نیو گنی کے بعض ساحلی علاقوں میں سمندر کی غیر معمولی لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی متعدد ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں، جن میں زلزلے کے دوران عمارتوں کو شدید جھٹکے لگتے اور بعض مقامات پر عمارتوں کے حصے گرتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم ان ویڈیوز کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

حکام متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ امدادی ٹیمیں بھی الرٹ کر دی گئی ہیں۔ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں اور حکام کی جانب سے مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Read Entire Article