ARTICLE AD BOX
میسی کی گود سے ورلڈ کپ فائنل تک: میسی نے جس بچے کو کبھی اپنی گود میں اٹھایا تھا، آج وہی نوجوان دنیا کے سب سے بڑے میدان میں ان کے مدِمقابل ہوگا۔
شائع 16 جولائ 2026 01:58pm
دنیا میں بعض اوقات ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جو کسی فلمی کہانی سے کم نہیں لگتے۔ ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کے درمیان ورلڈ کپ فائنل سے قبل ایک ایسی ہی دلچسپ کہانی سامنے آئی ہے، جس نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
انیس سال پہلے ایک چیرٹی فوٹو شوٹ کے دوران لیونل میسی نے ایک ننھے بچے کو پلاسٹک کے ٹب میں نہلایا تھا۔ اس وقت نہ میسی کو معلوم تھا اور نہ ہی کسی اور کو اندازہ تھا کہ یہ بچہ ایک دن بڑا ہو کر فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے میں انہی کے سامنے کھڑا ہوگا۔
یہ واقعہ 2007 کا ہے جب 20 سالہ میسی نے یونیسف کے ایک فلاحی کیلنڈر کے لیے فوٹو شوٹ میں حصہ لیا تھا۔ یہ مہم اسپین کے اخبار ’ڈیاریو اسپورٹ‘ تعاون سے منعقد کی گئی تھی، جس میں بارسلونا کے کھلاڑیوں کو مقامی خاندانوں کے ساتھ تصاویر کے لیے شامل کیا گیا تھا۔ اسی دوران میسی کی ملاقات ایک شیر خوار بچے سے ہوئی، جسے میسی نے گود میں اٹھایا، نہلایا اور تصاویر بنوائیں، لیکن اس وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ بچہ مستقبل میں فٹبال کا ایک بڑا نام بن جائے گا، وہ نام ہے لامین یامال، اسپین کا بہترین کھلاڑی۔
کئی سال تک یہ تصاویر عام لوگوں کی نظروں سے دور رہیں۔ تاہم 2024 میں یامال کے والد نے جب یہ پرانی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو وہ تیزی سے دنیا بھر میں وائرل ہو گئیں۔ شائقین یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ میسی کی گود میں موجود وہ بچہ آج بارسلونا اور اسپین کی ٹیم کا ابھرتا ہوا ستارہ بن چکا ہے۔
لامین یامال نے کم عمری میں ہی فٹبال میں کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ اپنی شاندار ڈرِبلنگ، کھیل کو سمجھنے کی صلاحیت اور دباؤ میں بہترین فیصلے کرنے کی وجہ سے وہ اسپین کی نئی نسل کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ ورلڈ کپ میں بھی ان کی کارکردگی نے دنیا کو متاثر کیا ہے اور آج وہ فٹبال کے مستقبل کے بڑے ستاروں میں شمار کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب 39 سالہ ارجنٹائن کے کپتان میسی ہیں جنہوں نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں میسی نے فیصلہ کن لمحات میں دو شاندار معاون پاس دے کر ارجنٹائن کو 1-2 سے کامیابی دلائی اور دفاعی چیمپئنز کو ایک اور عالمی اعزاز کے قریب پہنچا دیا۔
اب فٹبال کی دنیا ایک ایسے فائنل کا انتظار کر رہی ہے جو کئی حوالوں سے تاریخی ہے۔ ایک طرف میسی ہیں، جو اپنے کیریئر میں ایک اور ورلڈ کپ ٹرافی شامل کرنا چاہتے ہیں، جبکہ دوسری طرف یامال ہیں، جو اپنے عروج کے آغاز میں ہی دنیا کے سب سے بڑے فٹبال مقابلے میں اپنی شناخت بنانے کے خواہاں ہیں۔
یہ مقابلہ صرف دو کھلاڑیوں کے درمیان نہیں بلکہ فٹبال کی دو نسلوں کا سامنا بھی ہوگا۔ ایک کھلاڑی جس نے دنیا پر تقریباً دو دہائیوں تک حکمرانی کی، اور دوسرا نوجوان ستارہ جو نئی فٹبال دنیا کی امید سمجھا جا رہا ہے۔
انیس سال قبل بارسلونا میں ہونے والا ایک عام سا فلاحی فوٹو شوٹ آج ورلڈ کپ فائنل کی کہانی کا حصہ بن چکا ہے۔ میسی نے جس بچے کو کبھی اپنی گود میں اٹھایا تھا، اب وہی نوجوان دنیا کے سب سے بڑے میدان میں ان کے مدِمقابل ہوگا۔
.png)
1 hour ago
2




English (US) ·