ARTICLE AD BOX
نالہ بھیڑ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا، جہاں 5 سے 10 فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔
شائع 26 جولائ 2026 10:13pm
پنجاب کے شہر فیروز والا میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک ہی گھر کے 3 بچے جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جب کہ مشتعل شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
فیروز والا کے علاقے پٹھان کالونی میں نالہ بھیڑ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش اور نالے کا پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں 5 سے 10 فٹ تک پانی جمع ہوگیا اور پوری آبادی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔
اسی دوران ایک ہی گھر کے 3 بچے جمع شدہ پانی میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔ اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو پانی سے نکال کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم تینوں بچے جانبر نہ ہو سکے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت دانیال، نعمان اور برہان کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد پٹھان کالونی میں صفِ ماتم بچھ گئی جب کہ مشتعل شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نالہ بھیڑ کے حفاظتی بند کی بروقت مرمت نہ کیے جانے کے باعث یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ متاثرہ علاقے سے فوری طور پر پانی نکالا جائے، حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
.png)
1 hour ago
2





English (US) ·