Times of Pakistan

فیلڈ مارشل کا دورہ ایران مکمل، کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور پرامن حل پر زور

1 week ago 3
ARTICLE AD BOX

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی،آئی ایس پی آر

شائع 18 اپريل 2026 11:34am

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ کا ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل ہو گیا ہے، جس کے دوران اعلیٰ ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور سفارتی روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سید عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا تین روزہ دورۂ ایران مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد فیلڈ مارشل وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔

دورے کے دوران سید عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیرِ خارجہ اور کمانڈر خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مذاکرات کا محور خطے میں پائیدار امن کا قیام اور سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال رہا۔ فیلڈ مارشل نے مسائل کے حل کیلئے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے خاتمے، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دیرپا امن کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

دورے کے اختتام پر سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے جبکہ یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔

Read Entire Article