Times of Pakistan

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اجلاس؛ سینیٹرز کو بلیو پاسپورٹس دینے کا بل منظور

9 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سینیٹرز کو بلیو (سفارتی) پاسپورٹس دینے کا بل منظور کرلیا اور تجویز دی گئی ہے کہ سینیٹرز اور ان کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ دینے کے لیے 6 سال کی شرط ختم کی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین سینیٹ کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل زیر غور آیا، بل میں تجویز کیا گیا تھا کہ سینیٹرز اور ان کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ دینے کیلئے 6 سال کی شرط ختم کی جائے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل سلیم نے ڈی جی پاسپورٹ کی عدم دستیابی پر اظہار برہمی کیا اور پوچھا کہ ڈی جی پاسپورٹ سے پوچھا جائے وہ اس وقت کہاں ہیں۔

بل پیش کرنے والے سینیٹر عبدالقادرنے کہا کہ اگر کوئی 3 سال تک سینیٹ کا رکن رہتا ہے تو اس کو بلیو پاسپورٹ ملنا چاہیے، جس پر وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا بلیو پاسپورٹ کا غلط استعمال کیا جاتا ہے، میں نام نہیں لیتا، سب کو معلوم ہے کس کس نے بلیو پاسپورٹ کا غلط استعمال کیا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ پر متعد د ممالک جانے کے لیے ویزہ درکار نہیں ہوتا ہے اور رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کا 28 سالہ بیٹا بلیو پاسپورٹ پر ایک ملک میں گیا اور وہاں سے اٹلی نکل گیا جہاں انہوں نے سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے اور بلیو پاسپورٹ سرنڈر کر دیا ہے، وہاں سے جو ہمارے لیے میسج آیا بہت شرمندگی کا باعث بنا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جب کسی ملک کے ساتھ ویزے میں آسانی کی بات کرتے ہیں تو ہم سے پوچھا جاتا ہے کہ بتائیں آپ نے کتنے لوگوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کر رکھے ہیں، ہم نے ڈپلومیٹ اور بلیو پاسپورٹ پر سختی کی اور اس کی تعداد کم کر دی ہے جہاں ضرورت ہوگی وہاں بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے اور یہ بات آج کمیٹی میں بھی کی کہ بلیو پاسپورٹ کے غلط استعمال پر باقی ممالک ہمارے ساتھ ایم او یو سائن نہیں کرتے۔

Read Entire Article