Times of Pakistan

قطر: فیکٹری میں دھماکا، 54 افراد زخمی، 18 لاپتا

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

قطر کے صنعتی شہر راس لفان میں واقع ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد زخمی جبکہ 18 لاپتا ہوگئے ہیں۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ کے قریب واقع راس لفان انڈسٹریل سٹی میں ایک فیکٹری میں دھماکے اور آگ لگنے کے واقعے میں 54 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ 18 افراد لاپتا ہیں۔

قطری وزارت داخلہ نے پیر کے روز جاری بیان میں کہا کہ اتوار کو پیش آنے والا دھماکا ایک ”تکنیکی واقعے“ کے نتیجے میں ہوا۔ وزارت کے مطابق متعلقہ ادارے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سرکاری توانائی کمپنی قطر انرجی نے بتایا کہ واقعہ راس لفان انڈسٹریل سٹی میں آپریشنز کی بحالی کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں برزان لوکل گیس سپلائی فیسلٹی میں دھماکا اور آگ بھڑک اٹھی۔

وزارت داخلہ نے ابتدائی بیان میں واقعے کو ”اندرونی دھماکا“ قرار دیا تھا، جبکہ بعد ازاں جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ دھماکے کی وجہ ایک تکنیکی خرابی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد کئی کلومیٹر دور تک آسمان پر شعلے اور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ راس لفان دنیا کے سب سے بڑے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) مراکز میں شمار ہوتا ہے۔

وزارت داخلہ نے اپنے تازہ بیان میں تصدیق کی کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم کسی قسم کے گیس یا خطرناک مواد کے اخراج کا سراغ نہیں ملا، جس سے عوامی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ راس لفان کا صنعتی علاقہ حالیہ برسوں میں خطے میں کشیدگی اور توانائی تنصیبات پر حملوں کے باعث بھی توجہ کا مرکز رہا ہے، تاہم حکام نے موجودہ واقعے کو تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

Read Entire Article