ARTICLE AD BOX
پہلے پاکستانی نظام پر تنقید کی جاتی رہی، اب خود کیمبرج کا نظام سوالات کی زد میں آ گیا ہے، رکن کمیٹی شازیہ سومرو
فوٹو : فائل 
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کو نے ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر کیمبرج بورڈ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس قائم مقام چیئرپرسن سیدہ آمنہ بتول کی سربراہی میں ہوا، جس میں وزارت تعلیم، پیرا، آئی بی سی سی اور نیوٹیک حکام نے مختلف امور پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ممبر کمیٹی شازیہ سومرو نے وزارتی عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبران تو اجلاس میں آتے ہیں مگر نہ سیکرٹری آتے ہیں اور نہ ہی وزیرحاضر ہوتے ہیں۔ پیرا کے سابق چیئرمین غلام علی ملاح نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں 50 غیر رجسٹرڈ اسکولز کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ انسپکشن ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت نجی اسکولز کو دس فیصد مفت داخلے دینا ہوں گے اور اس حوالے سے طریقہ کار تیار کر لیا گیا ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 1600 میں سے 500 اسکولز نے مفت داخلوں سے متعلق رپورٹس جمع کرا دی ہیں جبکہ آوٴٹ آف اسکول بچے ٹیسٹ پاس کرکے ایلیٹ اسکولز میں مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ غلام علی ملاح کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کیلئے اے این ایف کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کی 30 یونین کونسلز میں 17 ہزار بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ جوائنٹ سیکرٹری تعلیم حمید نیازی نے بتایا کہ سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور 30 مئی تک تمام بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کیمبرج امتحانات کے پیپر لیک معاملے پر بھی اجلاس میں شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ آئی بی سی سی حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ کیمبرج نے ریاضی کا پرچہ لیک ہونے کا اعتراف کر لیا ہے اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ شازیہ سومرو نے سوال اٹھایا کہ پہلے پاکستانی نظام پر تنقید کی جاتی رہی، اب خود کیمبرج کا نظام سوالات کی زد میں آ گیا ہے۔ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلوں کے معاملے پر بھی کمیٹی میں گرما گرم بحث ہوئی جبکہ ممبران کمیٹی نے غریب والدین کیلئے آن لائن پورٹل نظام کو مشکل قرار دیا۔ ڈائریکٹر جنرل سید جنید اخلاق نے بتایا کہ چند منتخب اداروں میں داخلوں کی خواہش کی وجہ سے داخلوں کا ایشو بنتا ہے،اس سال کوئی بھی داخلہ میرٹ سے ہٹ کر نہیں کیا گیا۔ نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکر محمد عامر جان نے کمیٹی کو بتایا کہ ادارہ اب تک 76 ہزار سے زائد نوجوانوں کو تین سے چھ ماہ کے تربیتی کورسز کروا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023-24 میں نیوٹیک کورسز کے بعد ملازمت حاصل کرنے کی شرح 53 فیصد رہی۔محمد عامر جان کے مطابق گوجرانوالہ کی ایک طالبہ فاطمہ سرور ویلڈر کے طور پر جنوبی کوریا میں ملازمت حاصل کر چکی ہیں جبکہ ملک بھر میں تقریباً چار لاکھ نوجوانوں کو مختلف فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاہم فنڈز کی کمی کے باعث تربیتی استعداد محدود ہونے کا اعتراف بھی کیا گیا۔ کمیٹی نے وزارت تعلیم، آئی بی سی سی اور نیوٹیک حکام سے مختلف معاملات پر تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے موٴثر اقدامات کی ہدایت کر دی۔
.png)
8 hours ago
1







English (US) ·