Times of Pakistan

لاہور میں دل دہلا دینے والا واقعہ، گھر سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں برآمد

1 week ago 16
ARTICLE AD BOX

پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں زہر دے کر قتل اور خودکشی کا شبہ، فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں

شائع 17 جولائ 2026 10:54pm

لاہور کے علاقے ویلنشیا میں ایک گھر سے خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ خاتون نے بچوں کو زہر دے کر قتل کرنے کے بعد خود بھی زہریلا کھانا کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

لاہور کے علاقے کاہنہ کی رہائشی آبادی ویلنشیا میں ایک گھر سے خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ علینہ، 16 سالہ ریحان، 11 سالہ عرشیہ اور 9 سالہ ارسل کے نام سے ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں دو لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بچوں کو کھانے میں زہر ملا کر دیا گیا، جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی، جب کہ خاتون نے مبینہ طور پر بعد میں خود بھی وہی زہریلا کھانا کھا لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔

لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔

Read Entire Article