Times of Pakistan

لبنان؛ حزب اللہ سے جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے دو اہلکار مارے گئے

8 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

لبنان کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے خلاف ملٹری آپریشن میں مصروف اسرائیلی فوج کو دو الگ الگ مقامات پر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں اس کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 23 سالہ کیپٹن شاہر گملا گزشتہ جمعرات کو حزب اللہ کے ڈرون حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے تاہم آج دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 21 سالہ سارجنٹ اوہاد یعاری گیواتی بریگیڈ کی شاکید بٹالین سے وابستہ تھے ار جمعے کے روز جنوبی لبنان میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہوگئے۔

ترجمان اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ممکنہ طور پر حادثاتی فائرنگ کا نتیجہ تھا۔

انھوں نے بتایا کہ سارجنٹ اوہاد یعاری کی ہلاکت کے اسباب جاننے کے لیے فوجی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ ہلاکتیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحدی کشیدگی بدستور برقرار ہے اور جنوبی لبنان میں وقفے وقفے سے فوجی کارروائیوں اور حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

Read Entire Article