Times of Pakistan

معروف گلوکارہ آشا بھوسلے اسپتال منتقل

1 week ago 2
ARTICLE AD BOX

شائع 12 اپريل 2026 12:21pm

برصغیر کی لیجنڈری پلے بیک سنگر آشا بھوسلے کو ہفتے کی شب ممبئی کے مشہور ’بریچ کینڈی اسپتال‘ میں داخل کر دیا گیا ہے۔

92 سالہ گلوکارہ کی طبیعت سے متعلق ان کی پوتی زنانی بھوسلے نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو آگاہ کیا ہے۔

ان کی پوتی زنانی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ 92 سالہ لیجنڈ گلوکارہ کو شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

زنانی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، ’میری دادی کو شدید کمزوری اور سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال داخل کیا گیا ہے۔ ان کا علاج جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔

انہوں نے مزید لکھا، ہم مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ ہم جلد آپ کو مزید مثبت اپ ڈیٹس دیں گے۔’

اسپتال ذرائع کے مطابق، انہیں ایمرجنسی میڈیکل سروسز یونٹ میں رکھا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا معائنہ کر رہی ہے۔

8 ستمبر 1933 کو مہاراشٹر میں پیدا ہونے والی آشا بھوسلے کا تعلق موسیقی کے نامور ’منگیشکر خاندان‘ سے ہے۔ وہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن ہیں۔

آشا جی نے اپنے طویل فنی سفر میں 12 ہزار سے زائد گانے گائے ہیں اور ان کا نام دنیا میں سب سے زیادہ ریکارڈنگز کرنے والی گلوکارہ کے طور پر ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ‘ میں بھی درج ہے۔

اس ورسٹائل گلوکارہ نے غزلوں سے لے کر پاپ اور کلاسیکل گانوں تک ہر صنف میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

90 کی دہائی میں اے آر رحمان کے ساتھ ان کے گانوں نے ثابت کیا کہ ان کی آواز کا سحر ہر نسل کے لیے برابر ہے۔

آشا بھوسلے کی اسپتال میں داخلے کی خبر سنتے ہی سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

بولی ووڈ کی شخصیات اور دنیا بھر میں موجود ان کے کروڑوں مداحوں نے ان کی درازیِ عمر کی تمنا ظاہر کی ہے۔

Read Entire Article