Times of Pakistan

ورلڈ کپ 2026: فیفا نے 60 شائقین کو مفت ملنے والے ٹکٹس منسوخ کر دیے

5 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسویسی ایشن (فیفا) نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے تقریباً 60 شائقین کو غلطی سے مفت ملنے والے ٹکٹس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ یہ ٹکٹس ویب سائٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث بغیر کسی قیمت کے جاری ہو گئے تھے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فیفا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ ٹکٹس چیک آؤٹ کے دوران ادائیگی کے نظام میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث صفر ڈالر الاٹ ہو گئے تھے، جس پر ادارے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں منسوخ کر دیا ہے۔

فیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ اس غلطی پر افسوس ہے اور متاثرہ شائقین کو درست قیمت ادا کرکے اپنے ٹکٹس برقرار رکھنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ ٹکٹس اب بھی محفوظ ہیں تاہم ان کی خریداری مکمل ادائیگی کے بعد ہی برقرار رہے گی۔

یہ واقعہ فیفا کے ورلڈ کپ ٹکٹنگ پروگرام میں سامنے آنے والی ایک اور تکنیکی خرابی ہے، جس کی امریکی ریاست نیویارک اور نیو جرسی کے اٹارنی جنرلز ممکنہ کنزیومر پروٹیکشن قوانین کی خلاف ورزی کے تحت تحقیقات کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ غلطی 21 مئی کو اس وقت سامنے آئی جب ٹکٹنگ پورٹل پر کچھ صارفین کو مفت ٹکٹس الاٹ ہو گئے تھے۔ یہ تاریخ فیفا کے اس اعلان کے چند ماہ بعد ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ تمام 104 میچز کے ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

فیفا نے واضح کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹس کی فروخت جاری ہے جب کہ میچز کے لحاظ سے طلب اور رسد کے مطابق قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان بھی موجود ہے۔

ادارے نے اپنی آفیشل ری سیل پلیٹ فارم بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت خریدار اور فروخت کنندہ دونوں سے 15 فیصد کمیشن لیا جاتا ہے تاکہ بلیک مارکیٹ کو روکا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق 2026 کے ورلڈ کپ کے ٹکٹس کی قیمتیں سابقہ ٹورنامنٹس کے مقابلے میں زیادہ ہیں جب کہ کچھ گروپ اسٹیج میچز کے لیے کم قیمت ٹکٹس بھی دستیاب رکھے گئے ہیں۔ فائنل میچ کے لیے ٹکٹ کی قیمت 32,970 ڈالر تک بتائی گئی ہے۔

Read Entire Article