Times of Pakistan

وزیرِاعظم پاکستان اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارک باد

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان تاریخی اسلام آباد امن معاہدے کے بعد پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاک ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد امن معاہدے پردستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا، دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مسعود پزشکیان، ایرانی قیادت اورعوام کو تاریخی امن معاہدے پردستخط کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ اہم معاہدہ نہ صرف خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا بل کہ ایرانی قوم کی تعمیر نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دل چسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بھی بنے گا۔

انھوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے اگلے مرحلے میں کامیابی کے لیے ایرانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مسعود پزشکیان نے ایرانی قوم اور اپنی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات نے انتہائی مہارت، خلوص اور دانش مندی کے ساتھ ثالثی کے عمل کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے جلد از جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دوروں پر اتفاق کیا، جب کہ آئندہ دنوں میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Read Entire Article