ARTICLE AD BOX
واشنگٹن:
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے دور واشنگٹن کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اعلیٰ انتظامیہ سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرام اور مستقبل کے اقتصادی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور اور پاکستان کے لیے آئی ایم ایف مشن چیف ایوا پیٹرووا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستان کی میکرواکنامک صورتحال، ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی، ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ مالیاتی استحکام، بیرونی شعبے میں توازن، محصولات کے اہداف کے حصول، زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر، ریکارڈ ترسیلاتِ زر اور کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر ہوتی صورتحال حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج ہیں۔ فریقین نے ٹیکس اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات، نجکاری، ٹیرف ریشنلائزیشن، قرضوں کے مؤثر انتظام، مالیاتی ذرائع میں تنوع اور عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں پاکستان کی واپسی سمیت متعدد اہم اقتصادی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انسانی وسائل کی ترقی، خواتین کی معاشی شمولیت، آبادی سے متعلق چیلنجز، ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی ترقی اور نجی شعبے کی قیادت میں برآمدات پر مبنی اقتصادی نمو کو بھی مستقبل کی ترجیحات قرار دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر پیش رفت اور آئی ایم ایف پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کے اعتراف پر فنڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، پالیسیوں کے تسلسل، ساختی اصلاحات اور طویل المدتی معاشی استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
.png)
10 hours ago
3





English (US) ·