Times of Pakistan

ٹی 20 ورلڈ کپ: آئی سی سی کی پاکستان ویمنز ٹیم کی کھلاڑی کو وارننگ، وجہ کیا ہے؟

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹر گل فیروزہ کو ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گل فیروزہ کو آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی لیول ون خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق گل فیروزہ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی، جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران کرکٹ کے سامان، لباس، گراؤنڈ کے آلات یا دیگر سہولیات کے ساتھ نامناسب یا جارحانہ رویہ اختیار کرنے سے ہے۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے دوسرے اوور میں پیش آیا، جب آؤٹ ہونے کے بعد گل فیروزہ نے ٹیم ڈگ آؤٹ کے قریب غصے میں اپنا بیٹ اور گلوز جارحانہ انداز میں پھینک دیے۔

آئی سی سی کے مطابق گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی پہلی خلاف ورزی ہے، جس کے باعث ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔

گل فیروزہ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری مچل پریرا کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

گل فیروزہ پر الزام آن فیلڈ امپائرز سو ریڈفرن اور ورندا راتھی، تھرڈ امپائر جیکولین ولیمز اور فورتھ امپائر شاتھیرا جاکر جیسی نے عائد کیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق لیول ون خلاف ورزی کی کم از کم سزا سرکاری سرزنش جب کہ زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے کے اس میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 113 رنز سے شکست دی تھی جب کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے۔

Read Entire Article