ARTICLE AD BOX
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران ایک غیر متوقع مگر دلچسپ لمحہ اُس وقت سامنے آیا جب دونوں رہنما گلابوں پر گفتگو میں مصروف دکھائی دیے۔ ٹرمپ چینی صدر کی رہائش گاہ کے باغات میں کھلے گلابوں سے اس قدر متاثر ہوئے کہ شی جن پنگ نے وائٹ ہاؤس کیلئے گلابوں کے بیج بھیجنے کا وعدہ کر دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ملاقات کے بعد ژونگ نان ہائی کے باغات میں دونوں رہنماؤں نے چہل قدمی بھی کی، جہاں ٹرمپ نے باغات میں موجود گلاب کی خوبصورتی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے گلاب نہایت خوبصورت ہیں۔
دونوں رہنما سرسبز راستوں، جھیل کنارے راہداریوں اور پھولوں سے سجے حصوں میں ساتھ ساتھ چلتے رہے، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی دیکھنے میں آئے۔
اس دوران ٹرمپ خاص طور پر باغ میں موجود گلابوں سے متاثر نظر آئے۔ ویڈیوز میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ’’یہ دنیا کے سب سے خوبصورت گلاب ہیں جو کسی نے کبھی دیکھے ہوں گے۔‘‘
ٹرمپ کے اس تبصرے پر چینی وفد نے مسکراہٹ کا اظہار کیا، جبکہ شی جن پنگ نے سفارتی انداز اپناتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ ژونگ نان ہائی کے باغات کے گلابوں کے بیج وائٹ ہاؤس بھجوائیں گے۔
ٹرمپ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’’مجھے یہ بہت پسند آئے گا۔‘‘
یہ دلچسپ تبادلہ سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا میں خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے، خصوصاً اس وجہ سے کہ ٹرمپ حالیہ عرصے میں وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے مشہور روز گارڈن کے کچھ حصوں کی ازسرنو تزئین کرائی تھی۔ انہوں نے لان کے بعض حصے تبدیل کرکے وہاں اپنے فلوریڈا میں واقع مار اے لاگو ریزورٹ سے متاثر انداز میں پیٹیو طرز کی ترتیب بنوائی تھی۔
ٹرمپ نے اس دوران یہ شکایت بھی کی تھی کہ وائٹ ہاؤس کے باغ میں ’’زیادہ گلاب نہیں ہیں‘‘ اور وہ مزید پھول لگانا چاہتے ہیں۔
اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے باغ میں جلد چینی گلاب بھی کھلتے نظر آئیں گے۔
.png)
52 minutes ago
1







English (US) ·