ARTICLE AD BOX
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی ائی اے کراچی نے مختلف علاقوں میں دو بڑی کاروائیوں کے دوران ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام پر فراڈ کرنے والے جعلساز اور نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو سی ائی اے کے ترجمان ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ ایس ایس پی ایس آئی یو سی آئی اے کراچی کی ہدایت پر ایس آئی یو نے 24 گھنٹے کے دوران دو الگ الگ کامیاب کارروائیاں کیں اور پہلی کارروائی میں جعل سازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ایس آئی یو سی ائی اے ٹیم نے تھانہ پریڈی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام پر فراڈ اور جعل سازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کی شناخت محمد احمد عارف کے نام سے ہوئی ہے اور ملزم کے قبضے سے سندھ اسمبلی کی مہر، سندھ اسمبلی کے سروس کارڈ کی کاپی اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کے نام کے لیٹر پیڈ برآمد ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم خود کو ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی کا سینئر سیکریٹری ظاہر کر کے سندھ اسمبلی کا سروس کارڈ اور لیٹر پیڈ استعمال کر کے مختلف دفاتر میں ذاتی فائدے کے لیے دھوکا دہی کر رہا تھا۔ انہوں نے مزید بتیا کہ ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی ہے اور ان کے خلاف تھانہ ایئرپورٹ، تھانہ SSHIA اور تھانہ رضویہ میں مقدمات درج ہیں،گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں بھی مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ایس ایس پی نے بتایا کہ دوسری کارروائی میں قتل میں مطلوب عادی مجرم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ایس آئی یو سی آئی اے نے تھانہ سائٹ اے ضلع کیماڑی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے قتل اور سنگین جرائم میں ملوث ایک عادی مجرم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کی شناخت زبیر عبداللہ کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ایک سخت گیر اور عادی مجرم ہے اور 7 جنوری 2025 کو ملزم نے اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ مومن آباد ضلع ویسٹ کی حدود میں 18/19 سالہ نوجوان لڑکی کو قتل کیا تھا، اس سلسلے میں تھانہ مومن آباد میں مقدمہ درج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قتل کے علاوہ ملزم متعدد ڈکیتیوں میں بھی ملوث رہا ہے، ملزم کے خلاف تھانہ اتحاد ٹاؤن اور مومن آباد میں دو،دو مقدمات درج ہیں، اس کے علاوہ تھانہ بلدیہ ٹاؤن، تھانہ شاہراہ نور جہاں، تھانہ عزیز آباد اور تھانہ سائٹ-اے میں بھی مقدمات درج ہیں۔ ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کہا کہ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں بھی مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ایس آئی یو نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں جعل سازوں اور سنگین جرائم میں ملوث عادی مجرموں کے خلاف آپریشن بلا تفریق جاری رہے گا اور مزید تفتیش جاری ہے۔
.png)
7 hours ago
1





English (US) ·