ARTICLE AD BOX
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کار، اسلحہ اسمگلر اور متعدد ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے۔
شائع 14 جولائ 2026 06:26pm
کراچی میں رینجرز کیمپ پر حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا پورا نیٹ ورک بھی بے نقاب ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرنے والے اسمگلروں سمیت درجنوں ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
کراچی میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رینجرز کیمپ حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت دہشت گرد تنظیم کے اہم ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کا پورا نیٹ ورک بے نقاب کیا گیا، جب کہ انہیں اسلحہ فراہم کرنے والے اسمگلروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیوں میں اب تک تقریباً 75 دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ متعدد کارروائیاں مزید جاری ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشت گردی کی بعض کارروائیوں میں افغان سرزمین استعمال کی گئی۔ ان کے مطابق اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد عثمان نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں ایسے شواہد بھی ملے ہیں جن کے مطابق حملے میں فتنہ الہندوستان کا بھی کردار سامنے آیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
.png)
1 week ago
14







English (US) ·