Times of Pakistan

کراچی: مار پیٹ کا مبینہ جھوٹا مقدمہ، عدالت کا تفتیشی افسر سمیت 9 افراد کی گرفتاری کا حکم

10 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تفتیشی افسر سمیت تمام نامزد افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے


فوٹو: فائل


کراچی:

سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے مبینہ مارپیٹ کے مقدمے کے خلاف دائر شکایتی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تفتیشی افسر سمیت 9 افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے ایس ایچ او بوٹ بیسن کو حکم دیا کہ نامزد افراد، جن میں تفتیشی افسر نعیم احمد، نسیم محمد خان، شہباز، رضوان، سابقہ زوجہ عالیہ، عانی، ثروت، نضحت اور فرحت شامل ہیں، کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران شکایت کنندہ کے وکیل سمراز ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل ذیشان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نامزد ملزمان نے ان کے موکل کے گھر میں گھس کر مبینہ طور پر تشدد کیا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہونے کے باوجود پولیس نے متاثرہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعدد مرتبہ طلبی کے باوجود تفتیشی افسر نعیم احمد پیش نہیں ہوئے، جبکہ ان کی تنخواہ روکنے کے عدالتی احکامات پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے موکل کے خلاف مقدمہ دباؤ ڈالنے اور اپنی مرضی کے مطابق سمجھوتہ کرانے کے لیے درج کرایا گیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تفتیشی افسر سمیت تمام نامزد افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔

Read Entire Article