Times of Pakistan

کراچی؛ مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 7 زخمیوں سمیت 9 ملزمان  گرفتار

20 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں زخمیوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ویسٹ کے علاقے الطاف نگر میں تھانہ پاکستان بازار پولیس کا مبینہ مسلح ڈکیت گینگ سے مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

 زخمی ملزمان کی شناخت مصطفیٰ، شہباز حسین اور خالد جبکہ گرفتار ساتھی ملزم کی شناخت مختیار کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کرلی جبکہ زیر استعمال دو موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

 دوسری جانب ضلع ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر 17-A کے قریب پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم عبدالمجید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول، ایمونیشن اور نقدی رقم برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔

ادھر ضلع سینٹرل میں تھانہ یوسف پلازہ کی حدود ایف بی ایریا بلاک 16 میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم محمد امین زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق دوران گشت مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی، جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، گولیاں، چار چھینے گئے موبائل فون اور تھانہ تیموریہ کے مقدمے میں مطلوب مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ ملزم کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 علاوہ ازیں تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود صدیق آباد قبرستان کے قریب بھی پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملیر اسٹیل ٹاؤن میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان ملیر پولیس کے مطابق 100 بیڈ اسپتال کے قریب اسٹیل ٹاؤن پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ گرفتار زخمی ملزم کی شناخت میر اسغان ولد محمد اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے اس کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، ایمونیشن اور نقدی رقم برآمد کرلی۔زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور اس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔

Read Entire Article