Times of Pakistan

کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 2 زخمی اور ایک خاتون سمیت 4 ڈاکو گرفتار

6 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک جبکہ خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق پہلا مقابلہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں صدیق آباد قبرستان کے قریب پیش آیا جہاں مبینہ ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمی ملزمان سمیت مجموعی طور پر 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت اظہر شاہ اور پیارے عرف پیارو عباسی کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

دیگر گرفتار افراد نے اپنے نام دعا اور مراد بخش عرف حاجی بتائے۔ پولیس کے مطابق گرفتار خاتون دعا زخمی ملزم پیارے کی اہلیہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، تین موبائل فونز، 60 ہزار روپے نقدی اور دو موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں ناگن چورنگی کے قریب اکبر پبلک اسکول کے سامنے پیش آیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ڈاکو مارا گیا۔

ایدھی حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے جبکہ اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے دو موبائل فونز، نقد رقم، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

Read Entire Article