Times of Pakistan

کراچی میں 3 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے پراسرار واقعات، 2 افراد جاں بحق، 9 زخمی

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

گھروں اور گلیوں میں نامعلوم سمت سے گولیاں لگنے کے واقعات، وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب

کراچی کے مختلف علاقوں میں محض تین گھنٹوں کے دوران نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیوں کے متعدد واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 9 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

کراچی میں اتوار کے روز چند گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کے متعدد واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 9 شہری زخمی ہوگئے۔

چھیپا ذرائع کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے رشید آباد میں مدینہ مسجد کے قریب گھر میں موجود 35 سالہ خاتون ملیار زوجہ محمد خان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں۔

اسی طرح نارتھ کراچی سیکٹر 7-A بلال کالونی میں 5 سالہ بچہ عرفان ولد رحمان گھر میں موجود تھا کہ نامعلوم سمت سے چلنے والی گولی کا نشانہ بن گیا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 7-A نورانی مسجد کے قریب 65 سالہ عبداللہ ولد گل رسول بھی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے، جبکہ نیو کراچی کے علاقے لاسی گوٹھ میں 70 سالہ رحیم بی بی زوجہ گل منان زخمی ہوئیں۔

اورنگی ٹاؤن بلاک ایل میں رحمانیہ مسجد کے قریب 34 سالہ یاسر ولد اسماعیل بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔

مزید واقعات میں اعظم بستی لال مسجد کے قریب 40 سالہ ارشاد بی بی زوجہ خالد، کورنگی بلال کالونی سیکٹر 8-B میں 17 سالہ عافیہ دختر بخش زمان، کلفٹن پنجاب چورنگی کے قریب 35 سالہ شوکت ولد علی گل اور اورنگی ٹاؤن ہریانہ کالونی میں 13 سالہ عبدالواسط ولد عبدالواحد بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام واقعات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے پولیس کو گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی، جبکہ شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

Read Entire Article