Times of Pakistan

کراچی: گل پلازا کے قریب ایک اور مارکیٹ میں آگ لگ گئی

3 weeks ago 33
ARTICLE AD BOX

کراچی کے مصروف ترین تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر گزشتہ آگ سے تباہ شدہ گل پلازا کے قریب واقع ایک اور عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین اور ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ عمارت کے میزنائن فلور پر پیش آیا جہاں بجلی کے میٹر نصب تھے۔

بجلی کے میٹروں میں لگنے والی اس آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور عمارت کی بیسمنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ جس عمارت میں آگ لگی وہاں بڑی مقدار میں فرنیچر اور دیگر تجارتی سامان موجود ہے جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

امدادی ٹیموں نے فوری طور پر عمارت کو خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کیا تاہم ریسکیو ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خوش قسمتی سے آتشزدگی کے وقت عمارت کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر فائٹرز عمارت کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ اسے مزید پھیلنے سے روکا جا سکے کیونکہ ارد گرد دیگر تجارتی مراکز اور دکانیں بھی موجود ہیں۔

علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے تاکہ امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ پولیس اور رینجرز کی نفری نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے تاکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آنے جانے میں آسانی رہے۔

ابھی تک آگ لگنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم ابتدائی طور پر اسے شارٹ سرکٹ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ مکمل طور پر بجھانے کے بعد ہی نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمارت کے معائنے کی اجازت دی جائے گی۔

Read Entire Article