Times of Pakistan

کرکٹر عماد وسیم کی موجودہ اہلیہ کا سابقہ اہلیہ کے الزامات پر ردعمل

1 month ago 19
ARTICLE AD BOX

شائع 28 مارچ 2026 10:38am

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر عماد وسیم کی نجی زندگی میں جاری تلخیاں اس وقت سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث بن گئی ہیں، جہاں ان کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق اور موجودہ شریک حیات نائلہ راجہ کے درمیان سنگین الزامات اور جوابی بیانات کا ایک طوفان کھڑا ہو گیا ہے۔

ثانیہ اشفاق نے اپنے حالیہ بیانات میں نائلہ راجہ پر ان کا ہنستا بستتا گھر اجاڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ اپنے تیسرے بچے کی توقع کر رہی تھیں، عین اسی نازک وقت میں عماد وسیم اور نائلہ کے درمیان تعلقات استوار ہوئے، جس کا انجام ان کی طلاق کی صورت میں نکلا۔

ثانیہ نے مزید جذباتی انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ عماد وسیم نے اب تک اپنے نومولود بیٹے کی صورت تک نہیں دیکھی ہے۔

ثانیہ نے مزید کہا کہ ماضی میں عماد وسیم نے ان کے ایک بچے کا اسقاط حمل کروایا اور دوبارہ حاملہ ہونے کے دوران ان سے بے وفائی کی۔

ان سنگین الزامات کی زد میں آنے والی نائلہ راجہ نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔

نائلہ کا کہنا ہے کہ ان کا ثانیہ اشفاق کے بچوں کو ان کی ماں سے جدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور بچوں کا معاملہ صرف ان کے والد اور ان کے بچوں کے درمیان ہے۔

نائلہ نے ثانیہ کو براہِ راست مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف محاذ گرم کرنے اور الزامات کی بوچھاڑ کرنے کے بجائے اپنی ذاتی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔

نائلہ کے اس جواب نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے اور دونوں خواتین کے درمیان لفظی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

ثانیہ اشفاق نے نائلہ کے مشورے کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’گھر توڑنے والی خاتون‘ قرار دیا اور سخت لہجے میں کہا کہ اگر نائلہ ان کی زندگی میں مداخلت نہ کرتیں تو وہ آج ایک پرسکون زندگی گزار رہی ہوتیں۔

انہوں نے نائلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں کو اخلاقیات کا درس دینے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔

یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ صارفین کی ایک بڑی تعداد اس خاندانی تنازع پر منقسم نظر آتی ہے، جہاں کچھ لوگ ثانیہ کی مظلومیت کے حق میں ہیں تو کچھ نائلہ کے دفاعی موقف کو درست قرار دے رہے ہیں۔

Read Entire Article