Times of Pakistan

کوکین کوئین پنکی سے متعلق مزید انکشافات، پولیس تفتیش سوالیہ نشان بن گئی

41 minutes ago 3
ARTICLE AD BOX

لاہور میں گرفتار ہونے والی کوکین کوئن انمول عرف پنکی کے تانے بانے کس کس سے ملتے ہیں، اس حوالے سے مزید ہوشربا انکشافات سامنے آگئے، منشیات کے دھندے سے قتل کے مقدمہ تک پولیس تفتیش سوالیہ نشان بن گئی، جس فلیٹ سے پنکی کی گرفتاری ظاہرکی گئی، وہاں 15 سال سے کوئی اورخاندان مقیم ہے، ملزمہ پر قتل کے مقدمے کی ایف آئی آر میں لاش ملنے کی تاریخ میں بھی تضاد، ایک جگہ لاش ملنے کی تاریخ 7 اپریل دوسری جگہ 7 مئی درج کی گئی ہے۔

کوکین کوئین انمول عرف پنکی کے پراسرار کردار کی گرہیں تاحال نہیں کھل سکیں۔ لاہور میں ایک شخص سے دوسری شادی کی بات تو ہو رہی ہے لیکن پولیس شوہر کا نام سامنے نہیں لارہی، لاہور میں کوئی جائیداد سامنے آئی نہ گاڑی۔ انسداد منشیات پر کام کرنے والا حساس ادارہ اس تک پہنچ گیا لیکن لاہور پولیس کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے انمول عرف پنکی کو چند روز قبل نواب ٹاون لاہور سے حراست میں لیا، انمول عرف پنکی کو واٹس ایپ لوکیٹر کی مدد سے لاہور سے ٹریس کیا۔ کراچی کے منشیات مقدمات میں اشتہاری ہونے کے باعث اسے کراچی پولیس کے حوالے کیا گیا۔

انمول عرف پنکی نے لاہور میں ایک شخص سے دوسری شادی کی ہوئی تھی اور اسی نے اپنے نام پر اسے گھر کرائے پر لے کر دیا ہوا تھا۔ پنکی گھر میں منشیات بناتی تھی، جہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لی گئی۔

2022 میں انمول عرف پنکی کے بھائی ریاض بلوچ کو لاہور کوٹ لکھپت پولیس نے گاڑی میں منشیات سپلائی کرتے ہوئے گرفتار کیا تاہم اس دوران اس کی بہن انمول عرف پنکی تیزی سے گاڑی بھگا فرار ہوگئی۔

دوران تفتیش ریاض بلوچ نے پولیس کو بتایا کہ گاڑی میں جو خاتون فرار ہوئی ہے، وہ اس کی بہن انمول عرف پنکی ہے۔ پولیس نے اس کے بھائی کے خلاف سب انسپکٹر امجد رضا کی مدعیت میں 9 سی کا مقدمہ درج کیا اور چالان مکمل کرکے اسے جیل بھجوا دیا۔

ایف آئی آر نمبر 73 میں اس کا بھائی نامزد ہے، ایف آئی آر میں انمول عرف پنکی کا نام بھی درج ہے۔

ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کا نام ایف آئی آر میں ہونے کے باوجود چار سال سے زائد کا عرصہ گزر گیا مگر لاہور پولیس نے اسے اشتہاری قرار نہیں دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ لاہور میں پنکی کراچی والی کے نام سے جانی جاتی تھی، پنکی کے نام کی نہ تو جائیداد لاہور میں ابھی تک سامنے آئی ہے اور نہ ہی کوئی گاڑی اور نہ ابھی تک اس کے خاوند کا نام بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کوکین کوئن انمول پنکی کہاں سے گرفتار ہوئی، ایف آئی آر پر شکوک وشبہات سامنے آگئے، ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں جس مقام کو پنکی کی گرفتاری کا مقام ظاہر کیا گیا، وہ گارڈن کے ایک فلیٹ کا ہے جہاں محمد رضوان لاکھانی نامی گٹکا فروش رہائش پذیر ہے، رضوان لاکھانی ماضی میں گٹکا اور ماوے کی غیر قانونی فروخت کے مقدمات میں جیل بھی جاچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پتہ ڈسٹرکٹ سٹی میں تعینات سب انسپکٹر بشیر کی مبینہ ملی بھگت سے درج کیا گیا، پولیس کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔

Read Entire Article