ARTICLE AD BOX
اس وقت سام سنگ کے کئی موجودہ فونز میں ایم۔14 اسکرین استعمال ہو رہی ہے، جبکہ ایم۔16 جدید ترین ٹیکنالوجی ہوگی۔
شائع 10 اپريل 2026 12:02pm
گوگل اپنے نئے اسمارٹ فون پکسل 11 کے ساتھ ایک بڑی تکنیکی پیش رفت کرنے جا رہا ہے، جس سے موبائل فونز کی دنیا میں مقابلہ مزید سخت ہونے کی توقع ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق گوگل اس بار اپنے فون میں ایسی جدید ڈسپلے ٹیکنالوجی استعمال کرنے جا رہا ہے جو اس سے پہلے شاید ایپل اور سام سنگ جیسے بڑے برانڈز میں بھی عام دستیاب نہیں ہوگی۔
ای ٹی نیوز کے مطابق گوگل پکسل 11 میں سام سنگ کا جدید ترین ایم 16 او ایل ای ڈی ڈسپلے استعمال کیا جائے گا۔ یہ اسکرین نہ صرف زیادہ روشن ہوگی بلکہ اس میں رنگ بھی پہلے سے کہیں زیادہ واضح اور حقیقی نظر آئیں گے۔ اس ٹیکنالوجی کا ایک بڑا فائدہ یہ بتایا جا رہا ہے کہ یہ اسکرین کم بجلی استعمال کرتی ہے، جس کی وجہ سے فون کی بیٹری زیادہ دیر تک چل سکے گی اور صارف کو بار بار چارجنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ گوگل اس نئی اسکرین کو مارکیٹ میں دیگر بڑی کمپنیوں سے پہلے متعارف کروا سکتا ہے۔ عام طور پر سام سنگ اپنی جدید اسکرین ٹیکنالوجی پہلے ایپل کو فراہم کرتا ہے، لیکن اس بار ممکنہ طور پر گوگل سب سے آگے نکل جائے گا۔
اس وقت سام سنگ کے کئی موجودہ فونز میں نسبتاً پرانی ایم۔14 اسکرین استعمال ہو رہی ہے، جبکہ ایم۔16 ایک نئی اور بہتر جنریشن کی ٹیکنالوجی ہوگی۔
پکسل 11 کے حوالے سے مزید خبروں میں یہ بھی شامل ہے کہ اس میں گوگل کی اپنی نئی چپ ٹینسرG6 شامل کی جائے گی، جو 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ فون نہ صرف تیز رفتار ہوگا بلکہ اس کی کارکردگی بھی پہلے سے بہتر اور زیادہ مؤثر ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک نیا اور بہتر موڈیم بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے، جو موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سگنلز کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے میں مدد دے گا۔
گوگل پکسل 11 کے اگست 2026 میں متعارف ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری طرف آئی فون 18 ستمبر 2026 یعنی ایک ماہ بعد لانچ ہوگا جبکہ سام سنگ کے اگلے فلیگ شپ جنوری 2027 سے کئی ماہ پہلے یہ اسکرین مارکیٹ میں پیش کردے گا، لہٰذا گوگل کو مارکیٹ میں برتری حاصل ہو سکتی ہے، خاص طور پر نئی اسکرین ٹیکنالوجی کے حوالے سے۔
مجموعی طور پر اگر یہ تمام اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو گوگل کا پکسل 11 نہ صرف ڈسپلے اور رفتار کے لحاظ سے ایک بڑا اپ گریڈ ہوگا بلکہ یہ اسمارٹ فون انڈسٹری میں ایک نیا معیار بھی قائم کر سکتا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ گوگل اب صرف سافٹ ویئر کمپنی نہیں رہا بلکہ وہ ہارڈویئر کی دنیا میں بھی ایپل اور سام سنگ کو پیچھے چھوڑنے کے لیے جارحانہ اقدامات کر رہا ہے، اور گوگل کا پکسل 11 سال 2026 کے سب سے طاقتور اور دلچسپ فونز میں سے ایک ثابت ہو سکتا ہے۔
.png)
7 hours ago
1





English (US) ·